ویب ڈیسک:پاکستان نے پہلے ون ڈے میں جنوبی افریقا کو 3وکٹوں سے شکست دیدی
تین ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا میچ جنوبی افریقا کے شہر پارل میں ہواجہاں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
جنوبی افریقا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کیلئے 240 رنز کا ہدف ملا جو کہ قومی ٹیم نےآخری اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ہینرک کلاسن نے 86 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 2 چھکے اور 7چوکے شامل تھے،اس کے علاوہ ریان ریکلٹن 36، ایڈن مارکرم 35 اور ٹونی ڈی زورزی 33 رنز بناکر نمایاں رہے۔ مارکو یانسن 10 اور وین ڈر ڈوسین 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے4کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ ابرار احمد نے 2، صائم ایوب اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ لی۔
240 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پہلی وکٹ 2رنز پر گری جب عبداللہ شفیق صفر پر آؤٹ ہوگئے،بابر اعظم23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد رضوان نے ایک اور کامران غلام نے 4 رنز بنائے۔
اس موقع پر اوپنر صائم ایوب نے شاندار اننگز کھیلی اورآغا سلمان کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھایا، صائم ایوب نے ون ڈے کریئر کی دوسری سنچری سکور کی اور201رنز کے مجموعی سکور پر109رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
سلمان آغا کو شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔