پاکستان ہمیشہ تارکین وطن کا خیرمقدم کرنیوالامیزبان رہا ہے:شہباز شریف

پاکستان ہمیشہ تارکین وطن کا خیرمقدم کرنیوالامیزبان رہا ہے:شہباز شریف
کیپشن: Pakistan has always been a welcoming host to immigrants: Shahbaz Sharif

ایک نیوز: مہاجرین کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم کا پیغام میں کہنا تھا کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں مہاجرین کا عالمی دن منایا جارہا ہے، یہ دن تارکین وطن کی بے مثال شراکت کی صحیح معنوں میں پہچان ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہاجرین کے حقوق اور وقار کے تحفظ کے ساتھ ساتھ انکی فلاح و بہبود کے حوالے سے ہمارے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، کئی دہائیوں سے پاکستان تارکین وطن کا خیرمقدم کرنے والا میزبان رہا ہے اور دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی فخر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم، روزگار، کاروبار ہو یا سیاحت، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے پاکستان کے سفراء کے طور پر اپنی شناخت بنائی اور دنیا میں ملک کا نام روشن کیا ہے، تارکین وطن نہ صرف اپنے میزبان ممالک کے لیے ترقی و خوشحالی لاتے ہیں بلکہ اپنے آبائی ممالک کے لیے لائف لائن بھی بنے رہتے ہیں۔ 
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر پاکستان کے معاشی استحکام میں نمایاں کردار ادا کرتی ہیں، صرف مالی سال 2024 میں ہی 5.94 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، جو وطن کے لیے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مسلسل لگن اور محبت کی عکاسی کرتی ہیں۔ 
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کو بااختیار بنانے، انہیں ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے، ہم نے بروقت انصاف اور سمندر پار پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی عدالت (اوورسیز پاکستانیز پراپرٹی) ایکٹ 2024 منظور کیا ہے۔