پاکستان کو ایٹمی طاقت نوازشریف نہیں بھٹو شہید نے بنایا،حسن مرتضیٰ

Dec 18, 2023 | 23:43 PM

ویب ڈیسک :پیپلزپارٹی کے رہنما حسن مرتضیٰ کاکہنا ہے کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت نوازشریف نہیں بھٹوشہید نے بنایا۔

جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی وسطی پنجاب  حسن مرتضیٰ کاکہنا تھا کہ  قائد مسلم لیگ ن کی جانب سے تھرکول بجلی منصوبوں کا کریڈٹ لینا فریب ہے۔ نواز شریف خود فریبی کا شکار ہیں۔ ن لیگ نے منی لانڈرنگ کے بعد پراجیکٹ لانڈرنگ بھی شروع کردی ہے۔ دنیا جانتی ہے کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت ذوالفقار علی بھٹو شہید نے بنایا۔ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کا جرم بھٹو شہید کو تختہ دار تک لے گیا۔نوازشریف ایٹمی پروگرام کا کریڈٹ لینے کی بھی ناکام کوشش کرتے رہے۔ سی پیک اور گوادر پورٹ آصف علی زرداری کا منصوبہ تھا۔ایٹمی پروگرام کے بعد تھر کول پاور پراجیکٹ کو ن لیگ اپنے کھاتے ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔ تھر کول پاور پراجیکٹ 1995 میں بینظیر بھٹو شہید نے شروع کیا۔نوازشریف نے اقتدار میں آکر تھرکول پاور پراجیکٹ کو بند کردیا۔ نوازشریف اور مشرف دور میں تھر کول پاور پراجیکٹ پر کام مکمل بند رہا۔

حسن مرتضیٰ کا مزید کہنا تھا کہ 18ترمیم کے بعد پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے تھرکول پاور پراجیکٹ دوبارہ شروع کیا۔ نوازشریف کی منی لانڈرنگ تو قوم برداشت کرسکتی ہے لیکن پراجیکٹ لانڈرنگ کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔ پیپلزپارٹی کے پراجیکٹس کو اپنے کھاتے ڈالنا ن لیگ کا قانونی اور اخلاقی جرم ہے۔ نوازشریف ملک کو کچھ نہیں دے سکتے تو کم از کم پیپلزپارٹی کے پراجیکٹس کو اپنے نام کرنا بند کریں۔

مزیدخبریں