افغانوں کی 40سال مہمان نوازی کی مگردوست نہیں بنے،آصف زرداری

Dec 18, 2023 | 18:00 PM

ایک نیوز :سابق صدر آصف زرداری کاکہنا ہے کہ پاکستان نے افغانوں کی 40 سال تک مہمان نوازی کی مگر دوست نہیں بنے، دنیا میں کوئی قوم دوسری قوم کو برداشت نہیں کرتی۔

پاکستان پیپلزپارٹی نے تربت میں ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا جہاں سابق نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی سمیت دیگر اہم شخصیات نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا تربت میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ  بلوچستان کے عوام کا دکھ ہم سمجھتے ہیں۔ ہم اقتدار میں آکر ملکی کی معاشی صورت حال بہتر کریں گے۔آصف زرداری نے کہاکہ بلوچستان میں بہت وسائل ہیں اور آگے بڑھنے کی گنجائش ہے۔اسلام آباد نے بلوچستان کو پاکستان سمجھا ہی نہیں، میں نے بغیر کہے پختونوں کو نام دے کر ان کی شناخت دی، اگر یہ جرم ہے تو مزید جیل کاٹ لیں گے‘۔

سابق صدر کاکہنا تھا کہ ہم نے شہدا کا بیڑا اٹھایا ہے، دنیا میں بہت کم لوگ ایسے ہیں جنہوں نے میری جتنی جیل کاٹی ہو۔ ہمارے ملک میں پہلے ذوالفقار بھٹو کو پھانسی دی گئی اور پھر بینظیر کو شہید کر دیا گیا۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ میں نے پارلیمنٹ کو اختیارات منتقل کیے، ہم اب بھی اقتدار میں آکر عوام کے مسائل حل کریں گے اور بلوچستان کو تاجکستان کے ذریعے پانی دیں گے۔میں نے چین کے 15 دورے کیے تب کہا جا رہا تھا کہ یہ چائنا کیوں جاتا ہے، آپ کو نظر نہیں آ رہا ہے کہ یہاں گوادر ہے۔

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کاکہنا تھا کہ جنگ  میں قومیں ترقی نہیں کرتیں، سب کچھ پیار اور بھائی چارے سے ہو گا۔ پیپلزپارٹی جب بھی اقتدار میں آتی ہے عوام کے مسائل حل ہوتے ہیں، اقتدار ہماری مجبوری نہیں بلکہ بھٹو شہید اور بینظیر شہید کا قرض ہے۔

مزیدخبریں