پی ٹی آئی کے 18رہنماؤں کے شناختی کارڈز بلاک،نادرا کا موقف بھی سامنے آگیا

Dec 18, 2023 | 17:55 PM

ویب ڈیسک :نادرا کی جانب سے 18 پی ٹی آئی رہنماؤں کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کے معاملے پر نادرا کا موقف بھی سامنے آگیا۔ 

تفصیلات کےمطابق ترجمان نادرا نے 18 پی ٹی آئی رہنماؤں کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے نادرا نے تاحال کوئی ایکشن نہیں لیا ،عدالت کی جانب سے بھی اس حوالے سے کوئی احکامات نہیں ملے،اس کا ایک قانونی طریقہ کار ہے جس کے تحت شناختی کارڈز بلاک کیے جاتے ہیں،اس حوالے سے وزارت داخلہ کی جانب سے بھی ہدایات موصول نہیں ہوئیں، کاروائی عدالتی احکامات کی روشنی میں ہی ہوگی۔

قبل ازیں یہ خبریں سامنے آرہی تھیں کہ نادرا نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث 18 اشتہاریوں کے قومی شناختی کارڈ بلاک کر دیئے ہیں۔ بلاک کیے گئے شناختی کارڈ ہولڈرز میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما شامل ہیں ۔جن پی ٹی آئی رہنماؤں کے شناختی کارڈز بلاک کئے گئے ان میں  مراد سعید، اعظم سواتی، حماد اظہر، اسلم اقبال، کرامت کھوکھر، علی امین گنڈا پور، واثق قیوم عباسی، مسرت جمشید چیمہ، جمشید چیمہ، زبیر نیازی، ملک ندیم عباس اور غلام محی الدین دیوان شامل ہیں ۔

یہ دعویٰ کیا جارہا تھا کہ نادرا کی جانب سے شناختی کارڈ بلاک کرنے کی کارروائی پولیس کی درخواست پر عمل میں لائی گئی ۔  اے ٹی سی میں شامل تفتیش ہونے تک ملزمان کے قومی شناختی کارڈز بلاک رہیں گے، اشتہاری ملزمان قومی شناختی کارڈ بلاک ہونے کی وجہ سے تمام سہولیات سے محروم رہیں گے۔ ان تمام اشتہاری ملزمان کے نام نو فلائی لسٹ میں شامل کیے جا چکے ہیں۔ پولیس کی جانب سے جاری کردہ افراد مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب ہیں۔

تاہم نادرانے ان خبروں کی تردیدکردی اور کہا ابھی تک پی ٹی آئی رہنماؤں کے شناختی کارڈز بلاک نہیں کئے گئے ۔

مزیدخبریں