ایک نیوز :الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 8 فروری 2024 کو ہونے والے انتخابات کے لیے رجسٹرڈ ووٹرز کے اعدادو شمار جاری کر دیئے۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ہے، مجموعی طور پر مرد ووٹرز کی تعداد 6 کروڑ 92 لاکھ 63 ہزار 704 ہے جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 93 لاکھ 22 ہزار 56 ہے۔ مرد ووٹرز کا تناسب 53 اعشاریہ 87 فیصد جبکہ خواتین ووٹرز کی نمائندگی 46 اعشاریہ 13 فیصد ہے، اسلام آباد میں ووٹرز کی کل تعداد 10 لاکھ 83 ہزار 29 ہے۔
الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ بلوچستان میں کل 53 لاکھ 71 ہزار 947 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں، بلوچستان خواتین ووٹرز کی تعداد 23 لاکھ 55 ہزار 783 جبکہ مرد ووٹرز کی تعداد 30 لاکھ 16 ہزار 164 ہے۔اعلامیے کے مطابق خیبر پختونخوا میں مجموعی ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 19 لاکھ 28 ہزار 119 ہے، کے پی کے میں رجسٹرڈ مرد ووٹرز کی تعداد ایک کروڑ 19 لاکھ 44 ہزار 397 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 99 لاکھ 83 ہزار 722 ہے۔ سندھ میں ووٹرز کی کل تعداد 2 کروڑ 69 لاکھ 94 ہزار 769 ہے، رجسٹرڈ مرد ووٹرز کی تعداد ایک کروڑ 46 لاکھ 12 ہزار 655 جبکہ ایک کروڑ 23 لاکھ 82 ہزار 114 خواتین ووٹرز ہیں۔
اعلامیے کے مطابق پنجاب میں ووٹرز کی کل تعداد 7 کروڑ 32 لاکھ 7ہزار 896 ہے، پنجاب میں رجسٹرڈ مرد ووٹرز کی تعداد 3 کروڑ 91 لاکھ 22 ہزار 82 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 3 کروڑ 40 لاکھ 85 ہزار 814 ہے۔