نوازشریف کادورحکومت آمریت سےکم نہیں تھا،بلاول بھٹو

Dec 18, 2023 | 16:58 PM

ایک نیوز :چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کاکہنا ہے کہ کارکن ضیا اورمشرف کی آمریت میں پارٹی کیساتھ کھڑے رہے،نوازشریف کادور بھی کارکنوں کیلئے آمریت سے کم نہیں تھا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی خاتون کارکن زبیدہ شاہین کی رہائشگاہ لاہورباغبانپورہ آمد،عیادت کی،پارٹی کیلئے خدمات کو بھی سراہا۔زبیدہ شاہین کی آمریت کے دور میں پارٹی کے لیئے جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا ۔

زبیدہ شاہین نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو اپنی رہائش گاہ آنے پر خوش آمدید کہا اور ان کے لیئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔بلاول بھٹو  سے زبیدہ شاہین کی بیٹیوں اور بیٹوں نے بھی ملاقات کی۔جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی ،شہزاد سعید چیمہ،اسلم گل ،حاجی عزیز الرحمن چن،زولفقارعلی بدر سونیا خان اور دیگر موجودتھے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کاکہنا تھا کہ لاہور پہنچ کر بہت اچھا لگا پیپلزپارٹی کی بنیاد لاہور میں رکھی گئی۔ لاہور شہر میں پیپلزپارٹی کو دوبارہ عروج دینے کے لئے محنت کی جائے گی۔ مہنگائی غربت اور بے روزگاری نے عوام کو مشکل میں ڈال رکھا ہے۔پیپلزپارٹی کی حکومت جب بھی آئی ہم نے بے روزگاری اور مہنگائی کا مقابلہ کیا۔ ہمارا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ  ماضی میں ہم نے انقلابی منصوبہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا۔ آئندہ حکومت میں نوجوانوں اور مزدوروں کو ریلیف دینے کے لئے پروگرام شروع کئے جائیں گے۔ پاکستان پیپلزپارٹی سیاسی جماعت ہے۔سیاسی جماعتوں کے دروازے بات چیت کے لئے ہمیشہ سب کے لئے کھلے رہتے ہیں۔آئندہ انتخابات میں اکثریت حاصل ہوئی تو سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ملک میں نفرت اور تفریق کی سیاست ہو رہی ہے۔

سابق وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ  پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکن بہت بہادر ہیں۔یہ وہ جماعت ہے جس کے کارکن ضیا اور مشرف کی آمریت میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے۔ نواز شریف کا دور حکومت بھی پیپلزپارٹی کارکنان کے لئے آمریت سے کم نہیں تھا۔

مزیدخبریں