این اے121 میراحلقہ ہے، شیخ روحیل کو ٹکٹ ملا تو ان کا الیکشن لڑوں گا، ایاز صادق

Dec 18, 2023 | 15:17 PM

ایک نیوز: سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور سینئر لیگی رہنما سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 121 ان کا بنا ہے۔ تاہم اگر شیخ روحیل اصغر کو پارٹی نے ٹکٹ دیا تو ان کا الیکشن لڑوں گا۔ 

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے خصوصی گفتگو کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے سینے پر جو زخم لگے ہیں وہ آہستہ آہستہ جائیں گے۔ نواز شریف میٹنگز میں یہی کہتے ہیں کہ اب ہم نے آگے چلنا ہے۔ نواز شریف نے معاملہ اللہ پر چھوڑا اللہ نے انصاف دلا دیا۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ نواز شریف وزیراعظم بنیں گے تو لڈیاں ڈالوں گا۔ شہباز شریف کا بھی اہم رول ہوگا کہاں ہوتا ہے یہ ابھی نہیں پتہ۔ حمزہ شہباز بھی پارٹی سرگرمیوں میں پوری طرح شریک ہو رہے ہیں۔ پنجاب کے کونسلرز چیئرمین حمزہ شہباز کی فنگر ٹپس پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنہوں نے 9 مئی کیا ان کے بارے میں کیا سوچنا۔ اس لیے عمران خان کے بارے میں نہیں سوچتا۔ 9 مئی کو ہر حد پار کی گئی اور اب یہ لوگ چھپے بیٹھے ہیں۔ 

لیگی رہنما سے سوال کیا گیا کہ کیا آئی پی پی نے قومی اسمبلی کی 5 سیٹیں مانگ لی ہیں؟ ایاز صادق نے مسکراتے ہوئے کہا کہ  اچھا !پانچ سیٹیں مانگیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ میرے گھر پر آئی پی پی سے میٹنگ ہوئی ابھی کچھ فائنل نہیں ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ جس دن دانیال عزیز کو نواز شریف نے ڈانٹ پلائی میں کراچی میں تھا۔ دانیال عزیز کو پارٹی ڈسپلن میں رہنا چاہیے۔ احسن اقبال پارٹی کے سینئر رہنما ہیں۔ اگر کوئی اختلاف بھی ہو تو ٹی وی کے بجائے آپس میں بات کرنا چاہیے۔ دانیال عزیز کا طریقہ ٹھیک نہیں تھا یہ کسی کو بھی پسند نہیں آیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ مریم نواز پارٹی کی متنازعہ شخصیت نہیں۔ لوگوں کو ایسی چھوٹی باتیں نہیں کرنی چاہئیں۔

صحافی نے ان سے سوال کیا کہ این اے 121 سے شیخ روحیل اصغر نے آزاد الیکشن لڑنے کی بات کی ہے۔ جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ حلقہ ان کا بنا ہے۔ اگر پارٹی نے شیخ روحیل کو ٹکٹ دیا تو ان کا الیکشن لڑوں گا۔ 

سردار ایاز صادق نے انتخابات کیلئے گرینڈ بیٹھک کا عندیہ دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری سمیت تمام سیاسی لوگوں سے تعلقات ہیں اور رہیں گے۔ الیکشن کے بعد ملک کو کیسے آگے لے کر چلنا ہے یہ سیاسی جماعتیں فیصلہ کریں گی۔

مزیدخبریں