پاکستان کے اندر منصفانہ انتخابات وقت کی نہیں قوم کی ضرورت ہیں، جاوید لطیف

پاکستان کے اندر منصفانہ انتخابات وقت کی نہیں قوم کی ضرورت ہیں، جاوید لطیف
کیپشن: Within Pakistan, fair elections are the need of the nation, not of time, Javed Latif

ایک نیوز: سینئر لیگی رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ پاکستان کے اندر منصفانہ انتخابات وقت کی نہیں قوم کی ضرورت ہیں۔ پاکستان کو ترقی کیلئے نوازشریف کی ضرورت ہے۔ 

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما جاوید لطیف نے میڈیا سے گفتگو کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کل بات ہو رہی ہے لیول پلینگ فیلڈ کی۔ بتایا جائے کہ جب کوئی بغاوت کرتا ہے  تو ادارے ان کے ساتھ کیا سلوک کرتے ہیں۔ اگر بغاوت ناکام ہو جائے تو کیا وہ لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات کرتے ہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ یہ سلسلہ ظہیر السلام سے شروع ہوا اور جنرل باجوہ تک چلا۔ یہ سارے اقتدار پر رہنے کے لیے جو منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ 9 مئی اس کا پیش خیمہ تھا۔ اس میں وہ عالمی قوتیں بھی شامل ہوئیں جو پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم نہیں دیکھنا چاہتی تھیں۔ 

انہوں نے تسلیم کیا کہ 16 ماہ کی قومی حکومت پاکستانی عوام کو ریلیف نہ دے سکی لیکن اسی قومی حکومت نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔ اس کے علاوہ جنرل فیض اور باجوہ کی پاکستان پر قبضہ کی منصوبہ بندی کو بھی ناکام بنایا۔ 

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے سہولت کار اب بھی موجود ہیں۔ جس کی وجہ مختلف اوقات میں آپ کو بری خبریں سننے کو ملتی ہیں۔ اگر پاکستان کے اندر ان لوگوں کی منصوبہ بندی پوری ہو جاتی تو وہ لوگ پاکستان کو ناقابل معافی نقصان پہنچا دیتے۔

نو مئی کا مرکزی کردار عمران خان تھا۔ ان کا منصوبہ عوام کے نہ نکلنے سے ناکام ہوا۔ اگر وہ لوگ نو دس مئی کو کامیاب ہو جاتے تو جو لوگ ریاست سے عشق کرتے ہی ن کا حال کیا ہوتا۔ جو ریاست سے بغاوت کرنے والے ہیں وہ آزاد پھر رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر منصفانہ انتخابات وقت کی نہیں قوم کی ضرورت ہیں۔ مسلم لیگ ن میں وزیراعظم کا ایک ہی نام ہے اور وہ ہے نواز شریف۔ دیگر جماعتیں بھی نواز شریف کے ماضی سے سبق لیتے ہوئے نواز شریف کی قیادت میں کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ چند لوگ نواز شریف کے راستے میں روڑے اٹکانے کی خواہش رکھتے ہیں۔ کہیں ایسا نہ ہو 2017 کا کچا چٹھا کھل جائے۔ پاکستان کو نواز شریف چاہیے اسی سے پاکستان ترقی کرے گا۔

انہوں نے سوال کیا کہ سرحدپار سے آکر پاکستانی تنصیبات پر حملہ کرنے والے کو جب آپ معاف نہیں کرتے تو پاکستان کے اندر سے کوئی ایسا کرے تو کیا اس کو مجرم نہیں کہا جائے گا؟ تحریک انصاف کے اندر جو نو مئی کی  منصوبہ بندی کرنے والے نہیں۔ ان کو اپنی سیاسی جماعت کے لیے کام کرنے کی اجازت ملنے چاہئے اور جو لوگ نو مئی کے منصوبے میں شامل تھے ان کو سزا ملنی چاہیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ صرف ق لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی بات ہو رہی اور کسی جماعت سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہوگی۔ صرف چوہدری شجاعت اور ان کی جماعت کے لوگوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو گی۔