کراچی: سلنڈردھماکہ کے نتیجہ میں 3 منزلہ عمارت گرگئی،3 افراد جاں بحق، 10 زخمی

کراچی: مچھر کالونی میں عمارت گرنے سے 1 شخص جاں بحق، 7 زخمی
کیپشن: Karachi: 1 person died, 7 injured due to building collapse in Machhar Colony

ایک نیوز: کراچی کے علاقے مچھر کالونی میں سلنڈر دھماکے کے نتیجہ میں تین منزلہ عمارت گرنے سے 3 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہو گئے ہیں۔ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق تین منزلہ عمارت کے نیچے گیس سلنڈر کی دکان تھی، سلنڈر پھٹنے سے دھماکا ہوا جس کے بعد تین منزلہ عمارت زمین بوس ہو گئی ہے، متاثرہ جگہ پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

جاں بحق ہونے والے ایک شخص کی شناخت50 سالہ امین کے نام سے ہوئی جبکہ بقیہ 2 افراد کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی۔ زخمیوں کی شناخت 32 سالہ سید نور، 28 سالہ نبی عالم، 23 سالہ حمید، 30 سالہ نور حسین، 30 سالہ فاروق، 28 سالہ نامعلوم، 15 سالہ نامعلوم لڑکی، 6 سالہ نامعلوم بچہ، 3 سالہ شہزادی اور 27 سالہ عبدالحمید کے نام سے ہوئی ہے۔ 

اہل علاقہ کے مطابق عمارت کا مالک سابق کونسلر نور اسلام حقانی ہے۔ نور اسلام کی دو شادی شدہ بیٹیاں اسی عمارت میں رہائش پذیر تھیں۔ اس کے علاوہ عمارت میں مزید دو خاندان بھی  آباد تھے۔

اہل علاقہ نے بتایا کہ گراؤنڈ فلور پر ایل پی جی کی دکان تھی۔ صبح گیس سلنڈر کی گاڑی آئی تھی، گیس سلنڈر منتقلی کے دوران دھماکے کے ساتھ عمارت زمین بوس ہوگئی۔

نگران وزیرصحت کا ایم ایس سول اسپتال کو فون:

نگراں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے ایم ایس ڈاکٹر روتھ پفاؤ سول اسپتال کراچی کو ٹیلیفون کیا۔ انہوں نے احکامات جاری کیے کہ زخمیوں کے فوری و مکمل علاج معالجے کو یقینی بنایا جائے، زخمیوں کو تمام طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔