طالبان حکومت کا TTP کے 40 دہشتگرد گرفتار کرنے کا دعویٰ

ویب ڈیسک: طالبان حکومت کی جانب سے انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشن میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 40 دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

افغانستان کے خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان وزارت داخلہ کے ترجمان عبد المتین قانع نے ٹی ٹی پی کے 40 دہشت گردوں کی گرفتاری کے بعد جیل میں قید ہونے کی تصدیق کی ہے تاہم گرفتار دہشتگردوں کی شناخت ظاہر نہیں کی اور نہ ہی یہ بتایا کہ ان میں کتنے رہنما اور کس رینک کے کمانڈرز شامل ہیں۔

ترجمان عبد المتین قانع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ٹی ٹی پی کے 35 سے 40 تک کے ممبران جیلوں میں ہیں اور ان سے تفتیش کی جا رہی ہے، مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان متعدد بار طالبان حکومت سے ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی اور حوالگی کا مطالبہ کر چکا ہے، پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں ٹی ٹی پی ملوث رہی ہے۔

ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ طالبان حکومت نے ٹی ٹی پی کے جنگجوؤں کی گرفتاری کا باضابطہ دعویٰ کیا ہے تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ ان دہشت گردوں کو مزید کارروائی کیلئے پاکستان منتقل کیا جائے گا یا نہیں۔