لانس نائیک محمد محفوظ شہید کے یوم شہادت پر مساجد میں قرآن خوانی، دعاؤں کا اہتمام

Dec 18, 2023 | 08:57 AM

ایک نیوز: لانس نائیک محمد محفوظ شہید (نشانِ حیدر)کے52ویں یومِ شہادت پر مساجد میں قرآن خوانی اور دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ 

آج لانس نائیک محمد محفوظ شہید کا یومِ شہادت پوری عقیدت اور احترام سے منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور دعاؤں کے ساتھ ہوا۔ علماء نے شہید کے درجات کی سربلندی کے لئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا۔ 

علماء کرام نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ”وطن کی حفاظت کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے جوان عزت و احترام کے مستحق ہیں“۔ ”شہداء کا لہو ہم پر قرض ہے“۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ” پاکستان کے شہداء کی عظیم قربانیوں کی بدولت آج ہمارا ملک قائم و دائم ہے“۔ ”زندہ قومیں اپنے محسنوں کے احسانات کو فراموش نہیں کرتیں“۔

علماء کرام کا کہنا تھا کہ “جو قومیں اپنے شہداء کی تکریم نہیں کرتیں وہ ذلیل و رسوا ہو جاتی ہیں“۔ “شہید ہمیشہ زندہ ہوتے ہیں“۔ ” لانس نائیک محمد محفوظ شہید دھرتی کا بہادر بیٹا تھا جو ہمیشہ ہر دل میں زندہ رہے گا“۔ قوم کے شہداء کی قربانیاں ملکی استحکام اور عظمت کی نشانیاں ہوتی ہیں جس پر قوم بجا طور پر فخر کرتی ہے۔

مزیدخبریں