ویب ڈیسک: نشان حیدر اعزاز حاصل کرنے والے پاک فوج کے شیر دل جوان لانس نائیک محمد محفوظ شہید کا52 واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس سلسلے میں فیصل آباد سمیت مختلف شہروں میں تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔لانس نائیک محمد محفوظ 25اکتوبر1944ء کو ضلع راولپنڈی کے علاقہ پنڈ ملکاں (محفوظ آباد)میں پیدا ہوئے انہوں نے1962ء میں پاک فوج میں شمولیت اختیار کی۔ 1971ء کی جنگ میں واہگہ اٹاری کی سرحد پر بھارتی فوج کے شیلنگ سے ان کی مشین گن تباہ جبکہ دونوں ٹانگیں زخمی ہو گئیں۔
زخمی حالت میں بھی وہ ہندوستانی فوج کے اس بنکر میں گھس گئے جہاں سے پاک فوج کو نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ محمد محفوظ شہید نے ہندوستانی سپاہی کو گلے سے دبوچ لیا لیکن دوسرے فوجی نے ان پر خنجر سے حملہ کرکے شہید کر دیا۔
لانس نائیک محمد محفوظ کی بہادری کا اعتراف ہندوستانی فوجیوں نے بھی کیا۔ ان کی شہادت کے بعد 23 مارچ 1972ء کو انہیں سب سے بڑے فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا اور ان کے گاؤں پنڈ مالیکان کا نام بھی محفوظ آباد رکھ دیا گیا۔