خاندانی جاگیردارانہ جمہوریت کا خاتمہ کریں گے ،خالد مقبول 

Dec 18, 2023 | 00:02 AM

ایک نیوز :ایم کیوایم پاکستان کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کاکہنا ہے کہ عوام عہدکریں  خاندانی جاگیردارانہ جمہوریت کا خاتمہ کریں گے ۔

احسن آباد ٹاؤن میں عوامی رابطہ مہم سے خطاب کرتے ہوئے  ایم کیوایم پاکستان کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کاکہنا تھا کہ میرے سامنے تصویر پاکستان، تصور پاکستان اور اتحاد پاکستان بیٹھا ہے۔ آج شکر اور امید و یقین کا دن ہے پچاس سال سے اس ملک میں مختلف زبانوں رنگ و نسل اور مذاہب و عقائد کی بنیاد پر لڑوانے والوں کو ہم نے ہرا دیا ہے۔ آج کا یہ اجتماع یہ یقین اور امید دلا رہا ہے کہ اک روشن صبح ہونے والی ہے۔ آج ہم نے پورے پاکستان کو یہاں سمیٹ کر بٹھا دیا ہے۔ آج پہاڑوں، ریگستانوں، کھیتوں اور تمام زبانوں کو ہم نے یہاں جمع کر دیا ہے ۔ پاکستان کو تقسیم کرنے والے آج ماتم کناں ہیں آج یہاں پاکستانی ایک گلدستہ کی طرح جمع ہیں ۔

ڈاکٹرخالدمقبول کاکہنا تھا کہ  پیپلزپارٹی کہتی ہے کہ ہم نوٹ کے ذریعے الیکشن خریدیں گے۔ سہراب گوٹھ کو پار کرکے ہم نے وہ حد پار کر دی جو نفرت و طاقت کی بنیاد پر قائم کی گئی تھی آپ نے اگر پتنگ کو کامیاب کروایا تو پاکستان کامیاب ہوگا اگر یہ نشست ایم کیو ایم جیتی تو پوری دنیا میں ایک پیغام جائیگا کہ پاکستان متحد ہے۔ اس کامیابی کا کریڈٹ پختوں مہاجر سندھی بلوچ پنجابی اور تمام زبانیں بولنے والے لیں گے۔ اس سے پہلے ہم نے 2005 میں اس شہر کو دوبارہ تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا تھا ہم نے اس فیصلے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا اور کراچی دنیا کے چند ترقی کرنے والے شہروں میں شامل ہوا۔

 ایم کیوایم پاکستان کے رہنما  سید مصطفٰی کمال کاکہنا تھا کہ  پورے سندھ کو چار بار بلڈوز کر دیا جائے تو بائیس ہزار ارب روپے میں چار بار سندھ دوبارہ تعمیر ہوجائے یہ پورے سندھ میں ایک ماڈل یونین کاونسل نہیں بناسکے ہیں کوئی یک یونین کونسل ایسی نہیں جہاں ہر گھر میں پانی آتا ہو، پوری یوسی میں صفائی ، صاف ستھری سڑکیں ہوں، سیوریج کا بہترین نظام ہو آج تو ہر روز یہ خبریں آرہی ہیں کہ فلاں علاقے میں بچہ گٹر میں ڈوب کر مر گیا ہے۔

مزیدخبریں