ایک نیوز نیوز: آسکر ایوارڈ جیتنے والی معروف اداکارہ ترانہ علی دوستی کو بھی ایران میں گرفتار کر لیا گیاہے۔
رپورٹ کے مطابق اداکارہ پر غلط معلومات اور افراتفری کو ہوا دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔اداکارہ ترانہ علی نے سوشل میڈیا پر بغیر اسکارف کے تصویر پوسٹ کر کے ایران میں جاری مظاہروں کی حمایت کی تھی۔ اس کے علاوہ اداکارہ نے 8 دسمبر کو احتجاج میں شریک نوجوان کو پھانسی دینے کے روز سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کی جس کے بعد اداکارہ کا انسٹا گرام اکاؤنٹ بھی ڈیلیٹ کر دیا گیا ہے۔
فلم ’دی سیلز مین‘ کو 2017ء میں آسکر ایوارڈ ملا تھا جس میں ترانہ علی دوستی نے مرکزی کردار نبھایا تھا جس کے بعد وہ بہت زیادہ مشہور بھی ہو گئی تھیں۔
واضح رہے کہ 2006ء میں سابق ایرانی صدر احمدی نژاد کے دورِ حکومت میں بنائی گئی اخلاقی پولیس نے رواں سال 22 سالہ لڑکی مہسا امینی کو سر نہ ڈھانپنے پر حراست میں لیا تھا۔
مہسا امینی 16 ستمبر کو دوران حراست مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئی تھی جس کی ہلاکت کے خلاف ایران میں 17 ستمبر سے مظاہرے جاری ہیں جس میں اب تک کم از کم 14 ہزار افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔