اسپیکر قومی اسمبلی کابغیر تصدیق پی ٹی آئی ارکان کے استعفے منظور کرنے سے انکار

Dec 18, 2022 | 00:20 AM

ایک نیوز نیوز :اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نےبغیر تصدیق کے تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے سے انکار کردیا ۔

 تفصیلات کےمطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے اراکین قومی اسمبلی کے تصدیق کے بغیر استعفے منظور کرنے سے انکار کر دیا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے قومی اسمبلی جا کر استعفوں کی منظوری سے متعلق بیان پر کہا کہ اگر عمران خان نے قومی اسمبلی آکر استعفے دینے ہیں تو وہ تاریخ کیوں دے رہے ہیں، تمام اراکین اسمبلی آجائیں تو بھی ایک ایک رکن کی تصدیق کے بغیر کسی رکن کا استعفی منظور نہیں کروں گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا کہ میرے لیے پرائیوسی ضروری ہے، میں ایک ایک رکن سے استعفے کی منظوری پر خود بات کروں گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے سامنے آ کر سارے استعفے دیں یہ درست نہیں، اراکین کو تصدیق کے لیے ایک ایک کر کے میرے چیمبر آنا پڑے گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ استعفوں کے معاملے پر جلسہ تو نہیں ہو سکتا، اراکین ایک دوسرے کے سامنے شرماتے ہیں، اس لیے سب کے سامنے دئیے گئے استعفے منظور نہیں کروں گا۔

خیال رہے کہ آج عمران خان نے 17 دسمبر کو پنجاب و خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ غالباً ہماری 123 قومی اسمبلی کی نشستیں ہیں، ہم وہاں جا کر اسپیکر کے سامنے کھڑے ہو کر کہیں گے کہ ہمارے استعفے قبول کرو۔

مزیدخبریں