شجرکاری مہم ملک کے قدرتی حسن اور وسائل کے تحفظ کا اہم پہلو ہے:صدر پاکستان

شجرکاری مہم ملک کے قدرتی حسن اور وسائل کے تحفظ کا اہم پہلو ہے:صدر پاکستان
کیپشن: Plantation campaign is an important aspect of conservation of natural beauty and resources of the country: President of Pakistan

ایک نیوز:صدر مملکت آصف علی زرداری نے مون سون شجرکاری مہم کیلئے پیغام میں کہا ہے کہ شجرکاری مہم صرف ایک موسمی اقدام نہیں بلکہ ملک کے قدرتی حسن اور وسائل کے تحفظ کے قومی فریضے کا اہم پہلو ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ رسول اللہ ﷺ نے بھی درخت لگانے کی ترغیب دی ہے،پاکستان کے کل رقبہ کا صرف5 فی صدحصہ جنگلات سے ڈھکا ہواہے ،لکڑی کی بڑھتی مانگ اور دیگر زمینی استعمالات کے باعث جنگلات پر شدید دباؤ ہے،مون سون شجرکاری مہم ماحول پر دیرپا اثر ڈالنے، نوجوان نسل کیلئے ایک سرسبز اور صحت مند مستقبل محفوظ بنانے کا موقع ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ جنگلات کا فروغ پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے میں اولین ترجیح ہے،ڈیلٹا بلیو کاربن اقدام کے تحت پاکستان نے 1990 سے مینگرووز کے رقبے میں 300 فیصد اضافہ کرکے مینگرووز بحالی میں کامیابی حاصل کی، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کے لیے سندھ میں 20 لاکھ سے زائد مینگرووز لگائے گئے ،عالمی مارکیٹ میں کاربن کریڈٹس کی تجارت سے 27 ملین ڈالر بھی کمائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ دی لیونگ انڈس پروگرام کا مقصد جنگلات کی کٹائی روکنا ہے،لیونگ انڈس ڈیلٹا پرو گر ا م کو اقوام ِمتحدہ دہائی کی بحالی کا فلیگ شپ ایوارڈ ملا ہے،حکومت کمیونٹی کے تعاون کے بغیر جنگلی وسائل کا فروغ اور تحفظ نہیں کر سکتی، شجرکاری کے فروغ کیلئے معاشرے کے مختلف طبقات کی شمولیت ناگزیر ہے، مجھے امید ہے کہ عوام اس نیک کام میں اپنا حصہ ضرور ڈالیں گے، ہماری نوجوان نسل موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں جنگلات کے کردار کی اہمیت سے آگاہ ہو،ہم اس اہم مشن کو آگے بڑھانے کیلئے استعداد ِ کار بڑھانے، تعلیم اور جدت کے فروغ کیلئے پرعزم ہیں۔