ایک نیوز:آئندہ 24گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے ۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب ڈیرہ غازی خان ملتان اور بہاولپور ڈویژنز میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے ،کمشنرز و ڈی سیز کو ممکنہ فلیش فلڈنگ بارے الرٹ کردیا گیا ہے ، کوہ سلیمان میں بارشوں کے باعث ڈیرہ غازی خان اور راجن پور رودکوہیوں میں سیلابی صورتحال ہے،راجن پور کاہا ، چاچر، پٹوک اور زنگی رود کوہیوں سے درمیانے درجے کے سیلابی ریلے گزر رہے ہیں ۔
ڈی جی کا کہنا ہے کہ راجن پور کالا بھگا رودکوہی سے اونچے درجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے،ڈیرہ غازی خان سخی سرور اور وڈور رودکوہی سے اونچے درجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے ، رودکوہیوں میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے و مقامی انتظامیہ الرٹ ہیں،سیلابی ریلوں کے راستوں میں مقیم شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، دریائے سندھ میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب راوی جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل لیول پر ہے، منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 70 فیصد ،تربیلا ڈیم میں99فیصد ہے ، ستلج بیاس اور راوی پر قائم بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح گزشتہ سال کے مقابلے میں انتہائی کم سطح پر ہے،بھاکڑا ڈیم 54فیصد پونگ 53اور تھین ڈیم میں پانی کی سطح 26 فیصد تک ہے،بھارت کی جانب سے2لاکھ کیوسک پانی چھوڑے جانے کی افواہیوں میں کوئی صداقت نہیں ۔
آئندہ چند روز میں بھارت کی جانب سے پانی کے بڑے اخراج کا کوئی امکان نہیں، پنجاب اس سلسلے ارسا و محکمہ آبپاشی سے مسلسل رابطے میں ہے ، کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو پیشگی الرٹ کیا جائے گا ،وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر پی ڈی ایم اے و متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔
آئندہ 24گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان
Aug 18, 2024 | 12:48 PM