ایک نیوز :خیبرپخوانخوا کے ضلع اپر دیر میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی اڑانے کے لیے انوکھا طریقہ اختیار کیا۔ ایک برتن میں بریانی رکھی اور اس میں بم چھپا دیا۔
تفصیلات کےمطابق خیبرپخوانخوا کے ضلع اپر دیر میں دہشت گردوں نے ایک برتن میں بریانی کے اندر بم کو چھپا کر پولیس سٹیشن کے باہر رکھ دیا ۔ پولیس چوکی میں زیادہ اہل کار موجود نہیں تھے مگر علاقے اور صوبے کے حالات کے پیشِ نظر وہ محتاط تھے۔ ایک پولیس اہل کار نے جب پولیس چوکی کے باہر رکھا یہ برتن دیکھا تو وہ چوکنا ہو گیا اور اس نے اس بارے میں بم ڈسپوزل یونٹ کو اطلاع کر دی جس کے باعث پولیس چوکی تباہ ہونے سے بچ گئی۔
بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکاروں نے شرمائی پہنچ کر برتن کھول کر دیکھا تو اس میں بم نصب کیا گیا تھا جسے علاقے سے دور لے جا کر ناکارہ بنا دیا گیا۔ اس واقعہ کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ہے۔بم ڈسپوزل یونٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق، ’گزشتہ 5 ماہ کے دوران 361 بم ناکارہ بنائے گئے ہیں جن میں 33 راکٹ، 79 ہینڈ گرینیڈ، 2 ٹائم بم اور ایک ریموٹ کنٹرول بم شامل ہے۔‘