فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر : کمبوڈیا کیخلاف ہوم میچ کیلئے جناح اسٹیڈیم کا نام تجویز

کمبوڈیاکیخلاف فٹبال میچ،سپورٹس بورڈ نے سٹیڈیم دینےکی حامی بھرلی
کیپشن: Football match against Cambodia, sports board supported giving the stadium

ایک نیوز:فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر میں پاکستان فٹبال فیڈریشن ( پی ایف ایف) نے ہوم میچ کیلئے اسلام آباد کے جناح اسٹیڈیم کا نام بطور وینیو تجویز کردیا۔

 اگر اے ایف سی نے وینیو منظور کرلیا تو یہ پاکستان میں 2015 کے بعد پہلا انٹرنیشنل فٹبال میچ ہوگا۔ پاکستان فٹبال ٹیم کو فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر میں 17 اکتوبر کو کمبوڈیا سے ہوم میچ کھیلنا ہے۔ پی ایف ایف ناملائزیشن کمیٹی (این سی) کے آفیشلز نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اسلام آباد جناح اسٹیڈیم کے حوالے سے اے ایف سی کو اپ ڈیٹ کردیا گیا ہے ، اے ایف سی اب وینیو پر حتمی منظوری دی گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بات کے واضح امکانات ہیں کہ وینیو منظور کرنے سے قبل اے ایف سی کی ٹیکنیکل ٹیم اسلام آباد کا دورہ کرے کیوں کہ وینیو  پر آخری انٹرنیشنل ایونٹ 2014 میں ساف ویمن چیمپئن شپ تھی۔

پی ایف ایف نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ جمعہ کو پنجاب اسپورٹس بورڈ نے لاہور کے پنجاب فٹبال اسٹیڈیم دینے کی رضامندی ظاہر کردی ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب اسٹیڈیم کو پی ایف ایف سیکنڈ آپشن کے طور پر تجویز کرے گا ، امکان ہے کہ اگلے ہفتے پی ایف ایف کا وفد پنجاب اسٹیڈیم کی سہولیات کا جائزہ لے۔

اسلام آباد کے وینیو کی منظوری دیدی گئی تو یہ پاکستان میں 2015 کے بعد پہلا انٹرنیشنل میچ ہوگا۔ پاکستان نے آخری مرتبہ ہوم گراؤنڈ پر افغانستان کیخلاف فرینڈلی میچ کھیلا تھا۔ پاکستان فٹبال ٹیم 2011 کے بعد پہلی بار ہم گراؤنڈ پر کوالیفائر کھیلے گی۔ 2015 میں لاہور میں ہونیوالے بم دھماکے کی وجہ سے یمن کیخلاف میچ بحرین اور 2019 میں پی ایف ایف تنازعات کی وجہ سے کمبوڈیا کیخلاف میچ قطر منتقل کردیا گیا تھا۔ 2011 میں پاکستان نے بنگلا دیش کیخلاف کوالیفائر میچ کھیلا تھا ۔