الیکشن دیر سے کرانے کی کوئی خواہش نہیں، حلف کی پاسداری کریں گے، نگراں وزیر اطلاعات

Aug 18, 2023 | 16:00 PM

ایک نیوز: نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ الیکشن دیر سے کرانے کی خواہش نہیں، ہم اپنے حلف کی پاسداری کریں گے۔

اسلام آباد میں نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے اپنی پہلی میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ الیکشن کمیشن نے اپنی ویب سائٹ پر حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کر رکھا ہے، حلقہ بندیوں کے حوالے سے ایک سیاسی جماعت نے عدالت سے بھی رجوع کر رکھا ہے، نگران حکومت کا جلد یا دیر سے الیکشن کروانے میں کوئی خواہش نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے حلف کی پاسداری کریں گے، آئین میں ہے یہ ملک عوام کے منتخب نمائندے چلائیں گے جب کہ کابینہ اجلاس کے بعد پہلی میٹنگ چیف الیکشن کمشنر کے ساتھ ہوئی۔

مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ کا پہلا اجلاس ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ معیشت پر رہے گی، وزیراعظم نے بنیادی ڈھانچے کی ازسرنوتعمیر کی ضرورت پر زور دیا، جڑانوالہ واقعے کے حوالے سے نگراں وزیراعظم نے کہا کہ کسی دوسرے مذہب کی تضحیک نہیں ہونی چاہئے۔

مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم نے معاشی بحالی کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی جس میں خزانہ، توانائی، اسپیشل انویسٹمنٹ کمیٹی اور دیگر اداروں کے ارکان ہوں گے، یہ کمیٹی معاشی بحالی کے عمل کی نگرانی کرے گی۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے پروگرام کو دھکا دیکر اسٹارٹ کرایا، معاہدے میں سبسڈیز نہ دینا بھی شامل ہے جب کہ معیشت کا جو حال ہے ممکن نہیں مہنگا تیل خرید کر سستا بیچیں، اسی لئے حکومت کو چاہے نہ چاہے تیل کی قیمت میں اضافہ کرنا پڑا۔

نگراں وزیر اطلاعات نے کہا کہ تیل کی قیمت میں اضافہ مجوری ہے، لوگ مشکل میں ہوں تو قیادت کو چاہئے کہ ٹیکس کے پیسے کو بے دردی سے نہ خرچ کرے۔

مزیدخبریں