ایک نیوز: کراچی کے علاقے صدر میں ٹریفک پولیس اہلکار سے بدتمیزی کرنے والا شخص حساس ادارے کا افسر نکلا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پرگردش کرتی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کراچی کے علاقے صدرمیں ٹریفک پولیس کے اہلکارایک گاڑی کو روکتے ہیں تو گاڑی میں سوار دو افراد ٹریفک پولیس اہلکاروں کو دھمکیاں دینا شروع کر دیتے ہیں۔
ایک شخص ٹریفک پولیس اہلکاروں سے کہتا ہے کہ ’آپ گاڑی کو روک کر دکھائیں، ملٹری پولیس کو بلائیں، ملٹری پولیس آئے گی پہلے۔‘ ٹریفک پولیس حکام نے مذکورہ واقعے کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ٹریفک پولیس افسر سے بدتمیزی کرنے والا شخص حساس ادارے کا افسر ہے۔
ٹریفک پولیس نے بتایا ہے کہ بدتمیزی کرنے والے شخص کے خلاف متعلقہ ادارے کو خط لکھا کیوں کہ حساس ادارے کے افسر کی گاڑی پر فینسی نمبر پلیٹ تھی، فینسی نمبر پلیٹ اتارںے پر اُس افسر نے ٹریفک پولیس اہلکار سے بدتمیزی کی۔
ٹریفک حکام کے مطابق متعلقہ ٹریفک پولیس افسر کے خلاف کوئی کارروائی ہوئی نہ اُسے معطل کیا گیا ہے، جس نے قانون کے مطابق گاڑی سے فینسی نمبر پلیٹ بھی اتاری اور بدتمیزی کرنے والے حساس ادارے کے افسر کا چالان بھی کیا۔