ایک نیوز: ڈپٹی کنوینئر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کنور نوید جمیل کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی۔ ایم کیو ایم رہنما کو سپرد خاک کردیا گیا ہے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری، مصطفیٰ کمال، انیس قائم خانی سمیت سابق گورنر عمران اسماعیل اور دیگر کئی سیاسی رہنماؤں اور سماجی شخصیات نے مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم رہنما کنور نوید جمیل طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے تھے۔
کنور نوید 28 جون 2022 کو برین ہیمرج کے شکار ہوئے تھے اور اس کے بعد سے کوما کی حالت میں کراچی کے نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔
کئی ماہ تک نجی اسپتال میں زیرعلاج رہنے کے بعد انہیں 2023 میں کچھ عرصہ کیلئے گھر منتقل کیا گیا تھا لیکن اگست میں ان کی طبیعت دوبارہ ناساز ہوئی اور انہیں دوبارہ اسپتال منتقل کیا گیا۔
کنور نوید جمیل ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینئر تھے، پی ایس127 سے رکن اسمبلی منتخب ہونے والے رہنما ایم کیو ایم حیدرآباد کے میئر بھی رہ چکے ہیں۔
ہماری تحریک کیلئے یہ ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، فاروق ستار
ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ جس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ کل کنور نوید جمیل کا انتقال ہوا، اللّه پاک ان کے درجات بلند فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک کے لئے یہ ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، میں سمجھتا ہوں کہ ایم کیو ایم کو ایک نظریاتی تحریک بنانے میں انہوں نے اپنا کردار ادا کیا، تمام کارکنان کو ان کی نظریاتی سوچ کو آگے لے کر چلنا چاہیے۔ ان کے مشن کو بھی قائم رکھنا ہے اور آگے لے کر چلنا ہے۔