حسان نیازی کی والد سےملاقات کی استدعاپرفیصلہ محفوظ

Aug 18, 2023 | 13:18 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز:لاہور ہائیکورٹ میں حسان نیازی کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر سماعت ،حسان نیازی کے والد حفیظ اللہ نیازی کی بیٹے سے ملاقات کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس سلطان تنویر نے حفیظ اللہ نیازی کی درخواست پر سماعت کی  جس میں بیٹے حسان نیازی کی بازیابی کی استدعا کی گئی تھی۔دوران سماعت ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل غلام سرور نہنگ نے بتایا کہ حسان نیازی جناح ہاؤس حملہ کے مرکزی ملزم ہیں جس کے باعث انہیں کمانڈنگ آفیسر کی درخواست پر ٹرائل کےلیے ملٹری کے حوالے کردیا گیا ہے۔

وکیل نے موقف اختیار کیا کہ حسان نیازی کی انکے والد سے ملاقات کرائی جائے۔جس پر عدالت نے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ متعلقہ اتھارٹی سے پوچھ کر بتائیں دونوں باپ بیٹے کی ملاقات ہوسکتی ہے ۔

درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ حسان نیازی کو عدالت کے ذریعے ملٹری کے حوالے کرنا تھا،مگر ایس ایچ او نے ایسا نہیں کیا اور قانون کے برعکس ایسا رول پلے کیا۔

عدالت نے سرکاری وکیل کو ملاقات سےمتعلق جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

بعد ازاں عدالت نے حسان نیازی کے والد حفیظ اللہ نیازی کی بیٹے سے ملاقات کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کارروائی ملتوی کردی۔

مزیدخبریں