9 مئی سانحہ میں ملوث 3 سابق اراکین اسمبلی مفرور قرار، وارنٹ گرفتاری جاری

Aug 18, 2023 | 13:18 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: 9 مئی کو چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری کے خلاف ہنگامہ آرائی ، جلاؤ گھیراو کیس میں 3 سابق اراکین اسمبلی کو مفرور قرار دے دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پولیس نے شاہ فیصل تھانے میں درج مقدمہ کا حتمی چالان جمع کرادیا،چالان میں راجا اظہر سمیت 3 مفرور سابق اراکین اسمبلی کو مفرور قرار دے دیا گیا ہے۔عدالت نے سابق اراکین سندھ اسمبلی  اظہر ، فہیم خان اور عدیل احمد خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔

پولیس نے سابق رکن قومی اسمبلی اکرم چیمہ سمیت 13 ملزمان کو بے قصور قرار دے دیا ہے،چالان میں پولیس اہلکاروں سمیت 10 گواہان شامل ہیں ۔ چالان  میں کہا گیا ہے کہ مقدمہ میں عالمگیر خان سمیت 5 ملزمان عبوری ضمانت پر ہیں۔مقدمہ میں محمد کامران ، طارق ، عامر ، یونس ،جاوید ، اظفر ، فہد سمیت 20 سے زائد ملزمان گرفتار ہیں۔9 مئی کو چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری کی اطلاع پر پی ٹی آئی کے رہنماوں نے کارکنان کو اشتعال دلوایا ،تحریک انصاف کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے اور کار سرکار میں مداخلت کی۔

چالان میں کہا گیا ہےکہ تحریک انصاف کے کارکنان نے لاٹھی و ڈنڈوں سے مسلح ہوکر ہنگامہ آرائی کی ،پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنان نے ریاست کے خلاف نعرے بازی بھی کی ۔پی ٹی آئی کارکنوں نے کار سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے پولیس پر حملہ بھی کیا۔پی ٹی آئی کے کارکنان نے سڑکوں پر موجود دکانیں بھی بند کروادیں، پی ٹی آئی کے کارکنان نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا جس سے عوام میں دہشت پھیلی ۔مقدمہ میں 200 سے 300 نامعلوم کارکنان کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں