ایک نیوز: نگران وفاقی وزیرتجارت گوہر اعجاز نے ملکی ایکسپورٹ کو 80 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق معروف صنعتکار اور فلاحی خدمت گار، گوہر اعجاز نے نگران وفاقی وزیر تجارت کے طور پر ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد انہیں وزارت میں کامرس ڈویژن اور صنعت کے اہم کاموں اور ذمہ داریوں کے بارے میں ایک جامع بریفنگ دی گئی۔
وزیر تجارت گوہر اعجاز نے ملکی ایکسپورٹ کو 80 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اپنے بیان میں انہوں ںے کہا کہ ملک کے تجارتی اور صنعتی منظرنامے کو نئی جہد دینے کا عزم لے کر آیا ہوں۔ تجارتی شعبہ جات میں پیچیدگیوں کو چیلنج سمجھ کر حل کرنا چاہتا ہوں۔
نگران وزیرتجارت نے کہا کہ اس پوزیشن کو خدمت خلق سمجھ کے قبول کیا ہے۔ ارادہ ہے کہ اس مختصر عرصے میں ریاستی کاروباری اداروں کو منافع بخش بنایا جائے۔ اسپیشل اکنامک زون میں گارمنٹس کے لیے فلیگ شپ پراجیکٹ لانچ کیے جائیں گے۔
بریفنگ کے دوران گوہر اعجاز نے ریاستی کاروباری اداروں کو ملنے والی سبسڈی پر تشویش کا اظہار کیا اور انہیں ختم کرنے کا عندیہ بھی دیدیا۔