انٹیلی جنس بیورو کی ہاؤسنگ سوسائٹی ہوگی تو ان سےکون مقابلہ کرےگا، چیف جسٹس

Aug 18, 2023 | 11:38 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ انٹیلی جنس بیورو کی ہاؤسنگ سوسائٹی ہوگی تو ان سےکون مقابلہ کرےگا، سرکاری اداروں کی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کا معاملہ ہمارے سامنے نہیں،اس معاملے پر الگ سے از خود نوٹس ہو سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے فرانزک آڈٹ سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ اگر آئی بی کی ہاؤسنگ سوسائٹی ہوگی تو اس کے ساتھ کون مقابلہ کرے گا، دیکھتے ہیں زمینوں پر قبضے کے معاملے پر از خود نوٹس لینا ہے یا نہیں۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ بہتر ہوگا ہمارے سامنے کوئی درخواست آ جائے، ہم از خود نوٹس لینے میں محتاط ہیں،از خود نوٹس کا مقصد عوامی مفاد کا تحفظ ہے۔ہم نے ایف آئی اے کی رپورٹ کا جائزہ لیا ہے، رپورٹ کے مطابق 175 ارب روپے کا نقصان ہوا۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے مزید ریمارکس دیئے کہ رپورٹ میں ایک مجموعی تخمینہ دیا گیا مگر سوسائٹیوں سے وضاحت طلب نہیں کی گئی۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ کے اہم ریمارکس

سماعت کے دوران جسٹس اطہر من اللّٰہ نے ریمارکس دیے کہ ایف آئی اے کیسے نجی بزنس میں اپنا نام استعمال کر سکتا ہے؟ کیا یہ مفادات کا ٹکراؤ نہیں ہے؟

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے ریمارکس دیے کہ ایف آئی اے پر زمینوں پر قبضے کے سنگین الزامات ہیں، آئی بی بھی بظاہر زمینوں پر قبضوں میں ملوث ہے۔ان اداروں کا کام عوام کی خدمت کرنا ہے ہاؤسنگ سوسائٹی چلانا نہیں۔

چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں