نیب ترامیم کیس،جسٹس منصور علی شاہ کی فل کورٹ تشکیل دینے کی تجویز

Aug 18, 2023 | 10:10 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: نیب ترامیم کیخلاف کیس کی سماعت کے دوران جسٹس منصور علی شاہ نے فل کورٹ تشکیل دینے کی تجویز دیدی۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ سماعت کررہاہے،جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منصور شاہ بھی بنیچ کا حصہ ہیں۔سپریم کورٹ نے مقدمے کے تمام فریقین کو نوٹسز جاری کررکھے ہیں۔

جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ چیف جسٹس سے آج بھی درخواست کرتا ہوں کہ نیب ترامیم کیس کو فل کورٹ سنے،ابھی تک پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کا فیصلہ نہیں ہوا،پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کے سیکشن 3 اور 4 کی موجودگی میں فل کورٹ یہ کیس سن سکتا ہے،تاہم جسٹس منصور نے کیس کی سماعت سے معذرت نہیں کی،سماعت جاری  ہے۔

چیف جسٹس  نے ریمارکس دیئے کہ یہ درخواست ابھی پری میچور ہے،میں اگلے مہینے ریٹائر ہو رہا ہوں،مجھے اس مقدمے کا فیصلہ کرنا ہے یہ بہت اہم مقدمہ ہے۔

منصور علی شاہ نے حکومتی وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ نیب ترمیمی ایکٹ کی موجودگی میں آپ کی کیا رائے ہے کہ موجودہ بینچ کو سننا چاہئے یا نہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ تیاری کر کے آئیں ہم اس مقدمے کی سماعت کا شیڈول بنائیں گے۔ 

جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ میرے خیال میں اس کیس کو فل کورٹ کو سننا چاہیے، میری تجویز ہے کہ چیف جسٹس پاکستان فل کورٹ تشکیل دیں، پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کی موجودگی میں یہ کیس پانچ ممبرز کو سننا چاہیے۔

جسٹس منصورعلی شاہ نے ریمارکس میں کہا کہ ابھی تک پریکٹس اینڈ پروسیجرایکٹ کا فیصلہ نہیں ہوااگر سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کا فیصلہ ہو جاتا تو معاملہ مختلف ہوتا، ملٹری کورٹس کیس میں بھی فل کورٹ بنانے کی تجویز دی تھی،میرا اعتراض ہے کہ اس طرح کے معاملات فل کورٹ ہی سن سکتی ہے۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث خرابی صحت کے باعث عدالت میں پیش نہ ہوئے اور ان کی جانب سے وکیل ڈاکٹر یاسر عمان عدالت میں پیش ہوئے۔

وکیل ڈاکٹر یاسر نے عدالت سے خواجہ حارث کی عدم حاضری پر معذرت کی اور بتایا کہ خواجہ حارث کی طبعیت ناساز ہے، انہوں نے اپنی جگہ مجھے پیش ہونے کی اجازت دی ہے، خواجہ حارث نے عدالت سے معذرت کی ہے۔ جس پر عدالت نے خواجہ حارث کے معاون وکیل کو دلائل دینے کی اجازت دے دی۔

سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت 28 اگست تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں