ایک نیوز :پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔
تفصیلات کےمطابق ملاقات میں بین الاقوامی سیاسی صورتحال اور اس کے نتیجے میں نئے ابھرنے والے علاقائی سلامتی کے چیلنجز، پہلے سے استوار دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ہوابازی اور دفاعی شعبہ جات میں باہمی تعاون کو مزید بہتر بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ائیر چیف نے دونوں ممالک کے مابین پہلے سے موجود خوشگوار تعلقات پر روشنی ڈالی اور دونوں اہم اتحادیوں کے مابین ہم آہنگی اور شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے اپنے پختہ عزم کا اظہار کیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے مزید کہا کہ "پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو کہ علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم معاملات میں باہمی اتفاق رائے پر قائم ہیں۔
"ملاقات کے دوران مہمان سفیر نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی نمایاں پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی اور پاک فضائیہ کی جانب سے موجودہ قیادت کے زیر سایہ خود انحصاری کے میدان میں کی گئی شاندار پیش رفت کو سراہا۔ سخت اور جامع تربیت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے پاک فضائیہ کے تربیتی شعبے کو مزید تقویت دینے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی تاکہ پاک فضائیہ کے اہلکاروں کو اعلیٰ اور معیاری تربیت کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے، جس سے وہ جدید اور تغیر پذیر عسکری چیلنجز کا سامنا کر سکیں۔
امریکی سفیر نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی بھی تعریف کی۔دونوں معززین کے مابین گفتگو میں تربیتی شعبے کی بہتری اور آپریشنل صلاحیتوں کے فروغ پر خاص توجہ مرکوز رہی۔ معززین نے دونوں ممالک کے مابین موجودہ عسکری تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔امریکی سفیر اور سربراہ پاک فضائیہ کے مابین یہ ملاقات دونوں ممالک کی جانب سے دیرینہ دوطرفہ اسٹریٹجک تعلقات اور باہمی طور پر فائدہ مند دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہ ملاقات دونوں ممالک کے مابین کثیر الجہتی تعاون کو مزید فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگی۔