ایک نیوز نیوز: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پمز اسپتال نے تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی صحت تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ انھیں دل کی تکلیف نہیں ہے۔
گزشتہ روز شہباز گِل کو اڈیالہ جیل سے میڈیکل چیک اپ کیلئے پمز اسپتال کے آئی سی یو میں منتقل کیا گیا تھا اور پی ٹی آئی رہنما کے چیک اپ کیلئے اسپتال میں ڈاکٹرز کا 5 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے۔
آج کارڈیک سینٹر میں شہباز گل کا ابتدائی طبی معائنہ ہوا اور اسپتال ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما کی صحت تسلی بخش ہے۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز گل کے خون کے ٹیسٹ اور ای سی جی کی گئی، شہبازگل کے دل کی دھڑکنیں رات تیزتھیؓں، ان کی گزشتہ رات ای سی جی رپورٹ بہترنہیں تھی لہٰذا ان کی دوبارہ ای سی جی کی جائے گی۔
اسپتال ذرائع کے مطابق بے چینی بڑھنے سے بھی دل کی دھڑکنیں تیز ہوجاتی ہیں اور سانس لینے میں مشکلات آجاتی ہیں، تاہم انھیں دل کی تکلیف نہیں ہے۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل بورڈ شہباز گل کا آج دوبارہ معائنہ کرے گا جس دوران شہبازگل کے دوبارہ ٹیسٹ کیے جانے کا بھی امکان ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ رہنما پی ٹی آئی کی مجموعی میڈیکل رپورٹ آج مرتب کی جائے گی جس کے بعد شہباز گل کو ڈسچارج کرنے یا نا کرنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔