ایک نیوز نیوز: افغانستان میں طالبان نے امریکہ کی جانب سے چھوڑے گئے ناکارہ جہاز اور ہیلی کاپٹروں کی مرمت کے بعد آزمائشی پروازیں کی ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق افغان وزارت دفاع کی جانب سے ایک جہاز کو دارالحکومت کابل میں اڑایا گیا ہے۔
ایک سال قبل جب طالبان نے ملک کا کنٹرول سنبھالا تھا تو غیرملکی افواج نے انخلا کرتے ہوئے بڑی تعداد میں ساز وسامان چھوڑا تھا۔ اس ساز و سامان میں ایک جہاز اور ہیلی کاپٹرز بھی شامل تھے۔ وہ جہاز اور ہیلی کاپٹر اڑنے کے قابل نہیں تھےلیکن اب وہ مرمت کیے گئے ہیں۔
کابل ایئرپورٹ کے قریب اڑائے جانے والے جہاز اور ہیلی کاپٹر کی پرواز نیچی رکھی گئی۔ ہیلی کاپٹرز میں سے ایک روسی ساختہ ایم آئی 24 ہے جبکہ دوسرے دو امریکی ساختہ ہیں۔
وزارت دفاع کے ترجمان عنایت اللہ خوارزمی نے روئٹرز کو بیان دیتے ہوئے بتایا طالبان نے حال ہی میں کچھ ہیلی کاپٹروں کی مرمت کی ہے جن کو آزمائشی طور پر اڑایا گیا ہے۔ امریکی فوج نے جاتے ہوئے 70 جہاز اور درجنوں فوجی گاڑیوں کو ناکارہ بنا دیا تھا جبکہ کابل سے نکلنے سے قبل ایئرپورٹ پر ایئرڈیفنس نظام کو بھی ناکارہ کر دیا تھا۔
سپیشل انسپکٹر جنرل برائے افغانستان بحالی کا کہنا تھا 2002 اور 2017 کے دوران امریکہ نے افغانستان حکومت کو 28 ارب ڈالر سے زائد کا دفاعی سامان مہیا کیاتھا۔ جن میں ہتھیار، گاڑیاں، اندھیرے میں دیکھنے والی ڈیوائسز، جہاز اور نگرانی کے دوسرے آلات شامل تھے۔