ایک نیوز نیوز: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے میڈیا سیمینار کو منافقت قرار دے دیا۔
مریم اورنگزیب نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ میڈیا دشمن کس منہ سے میڈیا سیمینار کروا رہا ہے شرم آنی چاہیے،عمران خان میڈیا کا معاشی قتل کرنے والا مجرم ہے،عمران خان نے وزیراعظم کی کُرسی پر بیٹھ کر میڈیا دشمنی کی، عمران خان کا دور میڈیا کے لئے سیاہ دور تھا،عمران خان صاحب جھوٹے کرپٹ فارن ایجنٹ میڈیا دشمن اور منافق ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ میڈیا کو فیصلہ کرنا ہے کہ میڈیا کیخلاف نیب کو استعمال کرنے والا اور پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے بانی کے میڈیا سیمنار میں جانا ہے کہ نہیں، 4 سال میڈیا کا قتل کرنے والا، میڈیا سیمینار کرنے کا تماشہ نہ کرے،میڈیا کو کمزور کرنے کے لئے میر شکیل الرحمان کے نیب گردی کی، پی ایف یو جے، سی پی این ای اور پی بی اے کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ میڈیا کو کمزور کرنے والے کے سیمینار میں جانا ہے کہ نہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ میڈیا کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ جس کو عالمی اداروں نے میڈیا پریڈیٹر کا خطاب دیا ہے اُن کے سیمینار میں جانا ہے کہ نہیں۔ میڈیا کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ اُن کی آزادی اور نوکری چھیننے والے کے سیمینار کے تماشے کو ماننا ہے کہ نہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ سی پی این ای کی 2020 انٹرنیشنل میڈیا واچ اور رپورٹرز ودآئوٹ بارڈرز (آر ایس ایف 2021) کی رپورٹس عمران خان کی میڈیا دشمنی کی گواہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان چار سال وزارت عظمیٰ کی کرسی پر بیٹھ کر میڈیا دشمنی کرتے رہے، انٹرنیشنل میڈیا واچ نے عمران خان کو فاشسٹ قرار دیا ہے، عمران خان نے چار سالوں میں صحافیوں کی پسلیاں توڑیں،انہیں اغواء کیا، میڈیا کی آزادی کو کچلا، پارلیمان کو تالے لگوائے، انہوں نے میڈیا کو نیب کے ذریعے کنٹرول کیا اور میڈیا ورکرز کو بے روزگار کیا۔