مسافر کار سیلابی ریلے میں بہہ گئی،میاں بیوی اور 4 بچوں سمیت 7 افراد لاپتہ

Aug 18, 2022 | 10:44 AM

JAWAD MALIK

This browser does not support the video element.

ایک نیوز نیوز: کراچی سے حیدرآباد جانے والی مسافر کار ایم نائن لنک روڈ پر سیلابی ریلے میں بہہ گئی جس کے نتیجے میں میاں بیوی اور 4 بچوں سمیت 7 افراد لاپتا ہوگئے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی کو تباہ حالت میں نکال لیا گیا ہے اور لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔

لنک روڈ پر حادثےکا شکار  ہونے والی کار  کے ڈرائیورکے بھائی حافظ عبدالحئی کا کہنا ہے میرا بھائی حیدرآباد آرہا تھا کہ ایک فیملی نے کہا ہمیں بھی لے جائیں، قائد آباد سے میاں بیوی اور 4 بچوں کو لےکر بھائی حیدرآباد آرہا تھا، شام 6 بجے کے بعد بھائی سے دوبارہ رابطہ نہیں ہوا۔

دوسری جانب تھڈو ندی کے سیلابی ریلے میں بہنے والی خاتون جاں بحق ہو گئی جبکہ 3 بچوں کو بچا لیا گیا۔

ادھرکراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور ٹنڈو الہ یار سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد نمبر7 انڈر پاس میں پانی بھر گیا جبکہ لطیف آباد نمبر دو میں گھروں میں بارش کا پانی داخل ہو گیا۔

محکمہ موسمیات نے سندھ اور بلوچستان میں موسلادھار بارش کا سلسلہ کل تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

سندھ کے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے جبکہ بلوچستان کے نشیبی علاقے بھی زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

جنوبی پنجاب اور زیریں خیبرپختو نخوا کے ندی نالوں میں بھی طغیانی کا خدشہ ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی مزید بارشیں متوقع ہیں۔

مزیدخبریں