ایک نیوز نیوز: وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے بدمعاشی کرتے ہوئے رینجرز کی نگرانی میں شہباز گل کو وفاقی دارالحکومت منتقل کیا۔
وزیرداخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر نے کہا کہ پنجاب پولیس نے شہباز گل کو قریبی ہسپتال شفٹ کرنے کی کوشش کی لیکن اسلام آباد پولیس نے بدمعاشی کرتے ہوئے رینجرز کی زیر نگرانی وفاقی دارالحکومت منتقل کیا۔
ہاشم ڈوگر نے کہا کہ شہباز گل کی جان کو شدید خطرہ ہے، معزز اعلیٰ عدالتوں سے انسانی حقوق کی خاطر مداخلت کی اپیل ہے۔ شہباز گل کو اسلام آباد پولیس کی نگرانی میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا، پچھلے تین دن میں ان کی حالت بہتر ہوگئی تھی، شہباز گل ابھی تک شدید ڈپریشن کا شکار تھے، جب پتا چلا کہ دوبارہ پولیس کی تحویل میں دیا جا رہا ہے تو حالت تشویشناک ہوگئی۔
ہاشم ڈوگر نے مزید کہا کہ ماضی میں لوگوں نے کہیں زیادہ غلط باتیں کیں، شروع میں روک دیا جاتا تو بات یہاں تک نہ پہنچتی۔
ہاشم ڈوگر نے کہا کہ عمران خان نے کبھی کسی ادارے کے بارے میں غلط بات کرنے کا درس نہیں دیا، غدار بن گئے محب وطن اور محب وطن غدار بن گئے ہیں۔