مینار پاکستان واقعہ : ویڈیو کی مدد سے ملزمان کی نشاندہی کی جا رہی ہے: فیاض الحسن چوہان

Aug 18, 2021 | 13:02 PM

admin
لاہور: ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مینار پاکستان میں خاتون کیساتھ دست درازی کا واقعہ انتہائی شرمناک ہے۔چند سو افراد نے پورے معاشرے کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں ترجمان پنجاب حکومت نے کہا ہے کہ واقعے کی ایف آئی آر کاٹی جا چکی ہے۔ ویڈیو کی مدد سے ملوث ملزمان کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ملزمان کو سخت سزا دی جائے گی۔ حکومت ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائے گی، تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات نہ ہوں۔

خیال رہے کہ 14 اگست کے روز سو سے زائد افراد پر مشتمل ایک ہجوم نے اس وقت خاتون پر حملہ کردیا تھا جب وہ ٹک ٹاک کے لیے ویڈیو بنارہی تھیں۔سوشل میڈیا پر اس واقعے کی گردش کرتی مختلف ویڈیوز میں متاثرہ لڑکی کو مدد کے لیے چیخ و پکار کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔یہ ویڈیوز سامنے آنے کے بعد لاہور پولیس نے متاثرہ لڑکی کی درخواست پر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے اپنی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔


مزیدخبریں