ایک نیوز :پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 میچز کی سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کے باعث ختم کر دیا گیا۔
راولپنڈی میں ہونے والے میچ میں بارش کے باعث پہلے ٹاس آدھا گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوا، تاہم آؤٹ فیلڈ سوکھنے کے بعد نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ٹاس کے بعد بارش ایک بار پھر شروع ہوگئی اور کیویز کی بیٹنگ تاخیر کا شکار ہوئی۔
تاہم کچھ دیر بعد بارش رکی اور میچ 5 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا لیکن نیوزی لینڈ کی اننگز کی 2 گیندوں کے بعد دوبارہ بارش شروع ہوگئی جس کے باعث میچ ختم کردیا گیا۔نیوزی لینڈ کی ٹیم ایک وکٹ کے نقصان پر صرف2 رنز بناسکی تھی۔
نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی جانب سے ابراراحمد ، عرفان نیازی اور عثمان خان ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کررہے تھے۔ اس کے علاوہ قومی ٹیم میں بابراعظم ، صائم ایوب ، محمد رضوان ،افتخار احمد، شاداب خان، شاہین آفریدی، نسیم شاہ ، محمدعامر شامل تھے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ ہفتے کو کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ راولپنڈی اسٹیڈیم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ابتدائی 3 میچز ہوں گے جبکہ باقی 2 میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔