ایرانی صدرکی سعودی شاہ کوتہران دورے کی دعوت 

ایرانی صدرکی سعودی شاہ کوتہران دورے کی دعوت 
کیپشن: Iranian President's invitation to Saudi King to visit Tehran

ایک نیوز: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو تہران کے دورے کی دعوت دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات بحالی کی راہ پر گامزن ہیں اور تازہ ترین پیش رفت یہ ہوئی ہے کہ دونوں ممالک کی جانب سے دوروں کی دعوت کاسلسلہ جاری ہے۔
اس حوالے سے ایران کے محکمہ خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے باضابطہ طور پر سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو ایران کے دورے کی دعوت دی ہے۔
ترجمان کامزیدکہناتھاکہ ایرانی صدر کو ریاض کی جانب سے دورے کی دعوت موصول ہوئی تھی جس کے جواب میں ایرانی صدر نے بھی سعودی شاہ کو دورے کی دعوت دی ہے۔
خیال رہے کہ کئی برسوں کی کشیدگی کے بعد گزشتہ ماہ چین کی ثالثی میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔
گزشتہ دنوں بھی تعلقات کی بحالی میں اہم پیشرفت ہوئی اور ایرانی تکنیکی وفدریاض پہنچا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی تعلقات کو بحال کرنے کے معاہدے پر عمل درآمد کے سلسلے میں ایرانی تکنیکی وفد سعودی دارالحکومت ریاض پہنچا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اور ایران نے 2016 کے بعد سفارتی تعلقات کی بحالی کا فیصلہ کیا جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات بھی ہوچکی ہے جب کہ ایرانی صدر نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان کی جانب سے دورہ سعودیہ کی دعوت بھی قبول کرلی ہے۔