ایک نیوز:سوڈان کے آرمی چیف جنرل عبدالفتاح البرہان نے بغاوت کرنے والی ریپڈ سپورٹ فورسز کو تحلیل کرنے کاحکم جاری کردیا۔
سوڈانی وزارت خارجہ کے مطابق آرمی چیف عبدالفتاح البرہان نے ریپڈ سپورٹ فورسز کو تحلیل کرنے کا حکم جاری کیا اور اس کو باغی گروپ بھی قرار دے دیاگیاہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق خرطوم میں مسلح افواج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
سوڈانی فوج اور پیراملٹری فورس کے درمیان ان جھڑپوں میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد97 ہوگئی اور350 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
سوڈانی فوج اورریپڈ سپورٹ فورسز کی جانب سے حساس تنصیبات پرقبضے کے متضاد دعوے سامنے آئے ہیں، باغی فورسز نے صدارتی محل، اہم فوجی تنصیبات سمیت سرکاری ٹی وی پر قبضہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
خیال رہے کہ سوڈان میں جنرلز اکتوبر 2021 سے سوورن کونسل کے ذریعے برسراقتدارہیں اورریپڈسپورٹ فورس کی کمان سوورن کونسل کے نائب صدرجنرل محمدحمدان دگالوکے پاس ہےجبکہ فوج کی کمان جنرل عبدالفتح البرہان کے سپرد ہے جو کونسل کے سربراہ بھی ہیں۔
فوجی بغاوت کے بعد اقتدار پر قبضہ کرنے والی سوڈانی فوج کے خلاف پیرا ملٹری فورس نے بغاوت کی ہے۔