ایک نیوز :بٹلہ ہاؤس، سڑک 2 اور تھنکستان جیسی فلموں میں نظر آنے والی اداکارہ کرسن پریرا کو متحدہ عرب امارات میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ کرسن پر ڈرگس کی اسمگلنگ ریکیٹ میں شامل ہونے کا الزام ہے۔
کرسن کے رشتہ داروں نے اس کو ایک سازش قرار دیا ہے۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ اس پورے معاملہ میں ان کی بیٹی کو پھنسایا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ و ڈانسر کرسن پریرا کو تقریباً 2 ہفتے قبل متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ سے پولیس نے گرفتار کیا تھا۔
اس کے بعد سے ہی کرسن ڈرگس کے معاملہ میں سینٹرل جیل میں بند ہیں۔ ہندوستان ٹائمز کی ایک خبر کے مطابق کرسن کو ہوائی اڈے پر ڈرگس کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے۔ حالانکہ کرسن کے اہل خانہ نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔ کرسن کے بھائی کیون نے اس سلسلہ میں کہا کہ ہم 2 ہفتوں سے کافی پریشان ہیں، میری بہن بے قصور ہے۔ اس کو مل کر پھنسایا جارہا ہے۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ جب سے کرسن ایئرپورٹ پر اتری ہیں، اسی کے بعد سے ہی بات چیت بند ہے ۔ کرسن کے بھائی نے بتایا کہ پولیس نے ہمیں 72 گھنٹے بعد معاملہ کی اطلاع دی۔