امت مسلمہ اور پاکستان کودرپیش چیلنجز کا حل نبی اکرمﷺ کی تعلیمات میں ہے: وزیراعظم

Sep 17, 2024 | 10:32 AM

ایک نیوز: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے12ربیع الاول کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ پوری امت مسلمہ، بالخصوص پاکستانی عوام کو نبی آخرالزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کی نسبت سے عید میلاد النبی بہت بہت مبارک ہو۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 12ربیع الاول کا دن وہ مبارک دن ہے جب اللہ تعالی نے روزِ محشر تک بنیِ نوع انسان کی رہنمائی کیلئے پوری انسانیت کو ایک کامل ہدایت کا نور عطا کیا، حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک زندگی، ان کی سیرت طیبہ اور کردار ہمارے لیے ایک ایسی مشعل راہ ہے جس کی روشنی رہتی دنیا تک ہر انسان کی زندگی کیلئے ہدایت کا ذریعہ رہے گی۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ ان کا ہر عمل اور فرمان اس بات کا مظہر ہے کہ انسانیت کو کس طرح محبت، رواداری اور انصاف کے اصولوں پر قائم رہ کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے، آج کے مشکل اور پرفتن دور میں ہمیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو نہ صرف پڑھنے بلکہ اس پر عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے، امت مسلمہ اور پاکستان آج جن چیلنجز کا سامنا کر رہےہیں، ان کا حل نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات میں پنہاں ہے۔ 
اُنہوں نے ہمیں اتحاد، محبت، اور بھائی چارے کی تلقین کی اور یہی وہ اصول ہیں جو ہمیں معاشرتی اور اقتصادی مسائل سے نکال سکتے ہیں، آئیے ہم اس موقع پر یہ عہد کریں کہ ہم اپنے اختلافات کو پس پشت ڈال کر اپنے ملک اور قوم کی ترقی کے لیے متحد ہو کر کام کریں گے۔

مزیدخبریں