ایک نیوز :جی 20 سربراہی اجلاس کےفقط چھ روز بعد ہی کینیڈا نے بھارت کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کی بات چیت ملتوی کر دی۔
تفصیلات کےمطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے 10 ستمبر کو جی 20 سربراہی اجلاس کے دوران کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے ساتھ بات چیت میں وہاں موجود خالصتانیوں کی ’ہندوستان مخالف سرگرمیوں‘ پر تشویش کا اظہار کیا تھا، اس کے چھ دن بعد کینیڈا نے بھارت کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کی بات چیت ملتوی کر دی ،الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق کینیڈا کی وزارت تجارت کے ترجمان نے آزاد تجارتی معاہدے کی بات چیت ملتوی ہونے تصدیق کی ہے۔ تاہم اس کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔
ایک ہندوستانی عہدیدار نے جمعہ کو کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت سے متعلق بات چیت اس وقت ہوگی جب دیگر مسائل حل ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں کچھ سیاسی سرگرمیاں ہو رہی تھیں، جس پر ہندوستان نے اعتراض کیا تھا۔ جب تک یہ حل نہیں ہو جاتے، کینیڈا کے ساتھ تجارتی معاہدے کی بات چیت روک دی گئی ہے۔
ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان اب تک بات چیت کے 6 دور ہو چکے ہیں اور کینیڈا کے ساتھ گزشتہ 10 سالوں سے آزاد تجارتی معاہدے پر بات چیت جاری ہے۔2022 میں اس حوالے سے دوبارہ بات چیت شروع کی گئی تھی۔جی 20 کے بعد کینیڈا میں بھی ٹروڈو کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔