سربراہ پاک فضائیہ کا سکردو ائیر بیس کا دورہ

Sep 17, 2022 | 13:03 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز نیوز: سربراہ پاک فضائیہ نے شمالی سیکٹر میں پاک فضائیہ کی آپریشنل سکردو ائیر بیس کا معائنہ کیا۔ 

تفصیلات کے مطابق ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کی جانب سے انفراسٹرکچر اور عسکری صلاحیتوں میں اضافہ پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں کو توسیع دینے اور عسکری حکمت عملی میں اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ خطے کی موجودہ صورتحال اس امر کی متقاضی ہے کہ ہمیں کسی بھی بیرونی یا اندرونی سیکورٹی چیلنج کا جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا۔ خلائی، الیکٹرانک اور سائبر وارفیئر کے ساتھ ساتھ مخصوص تکنیکی علوم میں ترقی، آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ساتھ ملکر قومی سلامتی کے روایتی ماحول پر بھرپور طریقے سے اثرانداز ہو رہی ہیں۔ پاک فضائیہ، افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ مادر وطن کی خودمختاری کو لاحق کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ 

سربراہ پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کی شمالی ریجن میں فضائی صلاحیتیں اور عسکری ردعمل اس جدت سے مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ تمام لاحق خطرات کے پیش نظر، محفوظ ماحول کی فراہمی اور تکنیکی صلاحیتوں کے اس خلا کو پر کرنے کے لیے پاکستان کی مسلح افواج تیز ترین انڈکشن پروگرامز کے ذریعے اپنی موجودہ صلاحیتوں میں جدت طرازی کی کوششوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پاک فضائیہ دشمن کی اسلحہ سازی اور عسکری صلاحیتوں کے ذخیرے سے بالکل بھی خائف نہیں ہے۔ 

ترجمان پاک فضائیہ کا کہناہے کہ سربراہ پاک فضائیہ کو مختلف یونٹس کے رول اینڈ ٹاسک کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ ایئر چیف نے مختلف تنصیبات کا دورہ کیا جسکے دوران انہوں نے افسران اور ایئر مین سے تبادلہ خیال بھی کیا۔ ائیر چیف کی پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی اور انکی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔ ائیر چیف کی سکردو بیس آمد پر پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور بیس کے اعلیٰ حکام نے انکا استقبال کیا۔

مزیدخبریں