ایک نیوز نیوز: محکمہ موسمیات نے کراچی میں شام کو بوندا باندی کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں ایک بار پھر خوشگوار موسم کی پیشگوئی کردی ہے، اور بتایا کہ شہر میں آج شام اور رات میں بوندا باندی کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں سمندری ہوائیں بحال ہونے سے موسم جزوی آبرآلود رہے گا، اس وقت شہر میں ہوائیں 18 سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری تک ریکارڈ گیا ہے، اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت31 سے 33 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اورخشک رہے گا۔ تا ہم بالائی پنجاب ،بالائی خیبرپختو نخوا، گلگت بلتستان اورکشمیرمیں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
اتوار کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اورخشک رہے گا۔
گذشتہ 24 گھنٹے کا موسم بالائی پنجاب ، بالائی خیبر پختونخوا،اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔
سب سے زیادہ بارش(ملی میٹر): پنجاب : اسلام آباد(سید پور 59، گولڑہ35، زیرو پوائنٹ25، ائیر پورٹ 14، بوکرہ 09)، راولپنڈی (چکلالہ 37، شمس آباد 32، کچہری 28)، اٹک 25، جہلم 18، منڈی بہاؤالدین ، منگلہ 12، گجرات 08، مری 07، سیالکوٹ (ائیر پورٹ ) 06، خیبر پختونخوا: دیر(زیریں 44، بالائی 03)، بالاکوٹ 26، میر کھنی 18، مالم جبہ 16، کاکول 10، سیدو شریف07، کالام 03، دروش 01، کشمیر: راولاکوٹ 05، گڑھی دوپٹہ 01 اور گلگت بلتستان : بگروٹ میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ روز ریکارڈکیےگئےزیادہ سےزیادہ درجہ حرارت: سبی42، روہڑی، بہاولنگر اورسکھرمیں40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔