این ڈی ایم اے کیجانب سے غزہ اور لبنان کیلئےامداد کی فراہمی جاری 

Oct 17, 2024 | 15:51 PM

ایک نیوز:وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر این ڈی ایم اے کی جانب سے غزہ اور لبنان کے لئے فلاحی بنیادوں پر امداد کی فراہمی جاری ہے۔
کراچی سے دوسری امدادی کھیپ لبنان کے لیے روانہ کر دی گئی ہے، الخدمت فائونڈیشن کے تعاون سے این ڈی ایم اے کی جانب سے روانہ کی گئی اس امدادی کھیپ میں ادویات، تیار گوشت، خیموں، ترپال، گرم بستر، گرم کپڑوں اور خشک دودھ پر مشتمل تقریباً 100 ٹن سامان شامل ہے ،امدادی ساما ن براستہ ہوائی جہاز جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی سے بیروت لبنان کے لیے روانہ کیا گیا ۔
پاکستان کیجانب سے فلسطین اور لبنان کے لیے امدادی سامان کی یہ 12ویں کھیپ ہے، اس سے قبل فلسطین کے لیے 10امدادی کھیپ جبکہ لبنان کے لیے جمعرات کے روز دوسری امدادی کھیپ بھیجی گئی ہے، حکومت پاکستان لبنان اور فلسطین کی جنگ زدہ عوام کی ضروریات کے مطابق امدادی سامان بھیجنے کے سلسلے کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ 
پاکستانی این جی او کی جانب سے سپانسر شدہ امدادی سامان کا پیکیج وزیراعظم آفس، این ڈی ایم اے اور وزارت خارجہ کے تعاون سے بھیجا جا رہا ہے، امدادی پیکیج میں تقریباً 90 ٹن امدادی سامان موجود ہے ، امدادی سامان میں ادویات 50 ٹن، کھانے کے لئے تیار گوشت 15 ٹن، خیمے 9 ٹن، ترپال 5 ٹن، موسم سرما کے لئے بستر 4 ٹن، موسم سرما کے کپڑے2 ٹن اور خشک دودھ 5 ٹن شامل ہیں۔
 پرواز کے ذریعے امدادی سامان بیروت پہنچے گا جہاں پاکستان کے سفیر اسے وصول کریں گے ،امدادی سامان مقامی طور پر تقسیم کیا جائے گا، وزارت خارجہ کے ذریعے پانچ این جی او کی معاون پروازیں تیار ہیں۔

مزیدخبریں