ایک نیوز : بھارت سے علیحدگی کی تحریک چلانے والی تنظیم ’’خالصتان‘‘ نے بھی فلسطینیوں کیلئے 21ہزار ڈالر کی مالیت کا امدادی سامان روانہ کردیا۔
لندن: غزہ پر اسرائیلی حملے کے بعد پیدا ہونے والے انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے جہاں دنیا بھر سے فلسطینیوں کی نصرت کے اعلانات کیے جا رہے ہیں وہیں بھارت سے علیحدگی کی تحریک چلانے والی تنظیم ’’خالصتان‘‘ بھی مدد کیلئے سامنے آ گئی۔
کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے گرونانک گردوارے کی جانب سے سکھ فار جسٹس (SFJ) نے اسرائیلی بمباری سے تباہ حال فلسطینیوں کے لیے امدادی سامان اقوام متحدہ کے ادارے کے حوالے کردیا۔
سکھ فار جسٹس نے رواں ماہ کی 21 تاریخ کو ’’کینیڈا ٹو فلسطین، شٹ ڈاؤن انڈین ٹیرر ہاؤسز” منانے کا اعلان بھی کیا۔
خیال رہے کہ یہ امدادی سامان 21 ہزار ڈالر کی مالیت کا ہے جسے امداد سکھ کمیونیٹی نے شہید ہردیپ سنگھ نجار کے نام پر جمع کی جو بھارت علیحدگی کی تنظیم خالصتان کے سرگرم رہنما تھے۔
ہردیپ سنگھ نجار کو 18 جون 2023 کو قتل کردیا گیا تھا اور کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے حال ہی میں قتل کی تحقیقات سے آگاہ کرتے ہوئے قتل کے پیچھے بھارتی خفیہ ادارے را کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد پیش کیے تھے۔