ایک نیوز :مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزرمریم نواز کاکہنا ہے کہ کاروباری ، صنعتکار اور تاجر برادری کو مراعات دیں گے، بیوروکریسی اور ایف بی آر کی اصلاح کریں گے۔
ایف پی سی سی آئی کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران مریم نواز نے پاکستان کی معاشی بحالی کے لیے پارٹی قائد نوازشریف کے وژن سے کاروباری برادری کو آگاہ کیا۔
مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزرمریم نواز کاکہنا تھا کہ نوازشریف معیشت کی بحالی، تعمیر اور ترقی کے دور کا نام ہے، ان کا ایجنڈا معیشت کی بحالی، قرض پر چلنے والی معیشت اور عوام کو مہنگائی سے چھٹکارا دلانا ہے۔ نوازشریف میثاق معیشت کو تعبیر دے گا اور اداروں کی پھر سے تعمیر کرے گا۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھاکہ بیوروکریسی اور ایف بی آر کی اصلاح کریں گے اور نیب کے انتقام کا خاتمہ کر کے کاروباری برادری کے تحفظات دور کریں گے۔ کاروباری، صنعتکار اور تاجر برادری کو مراعات دیں گے، سرکار نہیں عوام اورنجی شعبہ کاروبار کرے گا۔ کاروبار کرنے کی آسانی پیدا کی جائے گی اور چھوٹے کاروباروں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کاکہنا تھاکہ زراعت اور کسان کی ترقی نوازشریف کے دور میں ہوئی جس سے زرعی پیداوار میں اضافہ ہوا ، کسان کو زرعی ٹیوب ویلز پر رعایتی بجلی اور ٹیکسٹائل انڈسٹری کو خصوصی مراعات دیں۔
مریم نواز کا کہنا تھاکہ نوازشریف نے توانائی کے بحران ختم کیے اور ایل این جی ٹرمینلز بنائے، انہوں نے گیس کی فراہمی سے انڈسٹری کو ایک نئی زندگی دی تھی، اور آنے کے بعد وہ پھر ایسا ہی کریں گے۔
مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزرمریم نواز کاکہنا تھا کہ نوجوانوں، خواتین، مزدوروں، کسانوں، صنعتکاروں، تاجروں سمیت تمام طبقات کو ریلیف دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی، زراعت، معدنیات، توانائی سمیت دیگر شعبوں کی مثالی اور تیز ترین ترقی کا پلان تیار ہے۔