امریکی صدر جوبائیڈن اہم دورہ پر اسرائیل پہنچ گئے

Oct 18, 2023 | 14:06 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: امریکی صدر جوبائیڈن اہم دورے پر اسرائیل پہنچ گئے ہیں۔
 تفصیلات کے مطابق  امریکی صدر جوبائیڈن اہم دورے پر اسرائیل پہنچ گئے ہیں۔ امریکی صدر جوبائیڈن اسرائیل کے اہم دورے پر تل ابیب پہنچ گئے ہیں، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے امریکی صدر کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دو بدو ملاقات بھی کی جس میں غزہ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی صدر نے یہ دورہ غزہ کے ایک اسپتال پر اسرائیلی حملے میں 500 فلسطینیوں کی شہادت کے اگلے روز کیا ہے اور صدر جوبائیڈن اس سفاکانہ عمل پر اسرائیل کی مذمت کرنے کے بجائے اظہار یکجہتی کرنے پہنچ گئے۔

جوبائیڈن اسرائیلی وزیر نیتن یاہو سمیت نئی بننے والی ’ جنگی کابینہ ‘ کے اراکین سے ملاقات کریں گے۔جوبائیڈن کے دورہ اسرائیل کے حوالے سے امریکی وزیر خارجہ انٹونٹی بلنکن نے چند روز پہلے اعلان کیا تھا۔ 

امریکی صدر نے ملاقات میں اسرائیل کو اسلحہ کی فراہمی اور خارجہ معاملات میں بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی جب کہ حماس کے حملے میں مارے جانے والے 1700 سے زائد اسرائیلیوں کی اموات پر نیتن یاہو سے تعزیت بھی کی۔تاہم امریکی صدر نے اسرائیل کی بمباری میں شہید ہونے والے 3 ہزار سے زائد فلسطینیوں کی شہادتوں جن میں ایک ہزار سے زائد بچے اور خواتین بھی شامل ہیں پر مجرمانہ چپ سادھے رکھی۔

امریکا اسرائیل گٹھ جوڑ کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ صدر جوبائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے کہا کہ اسپتال میں حملے میں اسرائیل نہیں بلکہ دوسری قوت ملوث ہیں۔ ان کا اشارہ حماس کی جانب تھا۔

امریکی صدر نے اسرائیل کے علاوہ اردن کا بھی دورہ کرنا تھا تاہم غزہ کے ہسپتال پر ہونے والی بمباری کے باعث ان کا دورہ اردن منسوخ کر دیا گیا تھا۔جوبائیڈن  نے فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس سے بھی ملاقات کرنی تھی لیکن انہوں نے غزہ ہسپتال واقعہ کے بعد امریکی صدر سے ملاقات سے انکار کر دیا تھا۔

قبل ازیں امریکی صدر جوبائیڈن نے غزہ پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ غزہ میں اسپتال پر حملے  اور ہولناک جانی نقصان پر غمزدہ ہوں، ہسپتال پرحملےکی خبرسنتے ہی اردن کے شاہ عبداللہ دوم اور اسرائیل کےوزیراعظم سےبات کی۔جوبائیڈن نے کہاکہ امریکی قومی سلامتی ٹیم کو غزہ میں اسپتال حملےکی معلومات لینےکی ہدایت کی ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا تنازعات کے دوران شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے واضح طورپرکھڑا ہے، ہم اس سانحے میں جاں بحق یا زخمی مریضوں، طبی عملے اور دیگربےگناہوں کے لیے سوگوار ہیں۔

واضح رہےکہ اسرائیل فوج نے غزہ پر وحشیانہ بمباری کرتے ہوئے اسپتال کو نشانہ بنایا جس میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 500 سے زائد ہے جب کہ عالمی رہنماؤں کی جانب سے اس حملے کی شدید مذمت کی جارہی ہے۔

مزیدخبریں