ایک نیوز :نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے چینی صدر شی کی جانب سے عالمی رہنماؤں کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے میں شرکت کی۔
چینی صدر شی جن پنگ کی جانب سے تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شریک عالمی رہنماؤں کیلئے عشائیہ میں شرکت کے موقع پر چینی صدر اور خاتون اول نے وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا پرتپاک استقبال کیا۔
نگران وفاقی کابینہ کے وزراء نے بھی وزیرِ اعظم کے ساتھ عشائیے میں شرکت کی، عشائیے میں روس، کینیا، ایتھوپیا، منگولیا، ہنگری، سری لنکا اور دیگر ممالک کے عالمی رہنماؤں نے شرکت کی۔
نگران وزیرِ اعظم نے عشائیے میں شریک دیگر عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں بھی کیں، انوارالحق کاکڑ کی عشایئے میں شرکت کے موقع پر گریٹ ہال آف پیپلز آمد ہوئی۔
اس سے قبل نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ ان دنوں چین کے سرکاری دورے پر موجود ہیں جہاں انہوں نے سری لنکا اور کینیا کے صدور سے ملاقاتیں کی ہیں۔وزیراعظم نے کینیا کے صدر سے صحافی ارشد شریف کے قتل کی جے آئی ٹی رپورٹ مکمل کرنے میں سہولت فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔
نگران وزیراعظم کی کینیا کے صدر سے ملاقات:
نگران وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ اور کینیا کے صدر ڈاکٹر ولیم روٹو کی بیجنگ میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کی سائیڈ لائن پر ہوئی۔ وزیرِ اعظم نے کینیا کے صدر سے پاکستانی صحافی ارشد شریف شہید کے قتل پر گفتگو کی اور اسپیشل جے آئی ٹی کو رپورٹ کو جلد حتمی شکل دینے میں سہولت فراہم کرنے کی درخواست کی۔
دونوں رہنماؤں کی پاکستان اور کینیا کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر گفتگو ہوئی۔ تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور عوام کے روابط کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اقتصادی تعاون کو فروغ دے کر دونوں ممالک کے مابین تجارت کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے پر بھی اتفاق ہوا۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کینیا کے ساتھ مزید ترقیاتی منصوبوں و اقدامات پر تعاون کا خواہاں ہے۔ کینیا کے صدر نے پاکستان کے زرعی اور صحت کے شعبے میں تجربے سے استفادہ حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے کینیا کے صدر کو جلد پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ جس کے جواب میں کینیا کے صدر نے وزیرِاعظم کو کینیا کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔
سری لنکا کے صدر کی نگران وزیراعظم سے ملاقات:
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا۔