ایک نیوز: تاریخ میں پہلی بار فیصل آباد میں پنجاب کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا۔ وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے کمشنر فیصل آباد ڈویژن کے کمیٹی روم میں منعقدہ پنجاب کابینہ کے 30ویں اجلاس کی صدارت کی۔ کمشنر فیصل آباد ڈویژن نے جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
تفصیلات کے مطابق سی پی او فیصل آباد نے امن وامان کی صورتحال اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کے بارے میں بریف کیا۔
پنجاب کابینہ نے شہریوں کی شکایات کے حل کے لئے بڑا اقدام اٹھالیا۔ ہر محکمے میں شکایات کے ازالے کے لئے کمشنرز تعینات ہوں گے۔ کمشنرز محکموں سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کیلئے اقدامات کریں گے۔
صرف لاہور نہیں پنجاب بھر کی تاریخی اور قدیم عمارتوں کی بحالی اور تزئین وآرائش ہوگی۔ پنجاب کابینہ نے والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا دائرہ کار پنجاب بھر میں بڑھانے کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں ازبکستان کے شہر بخارا اور لاہور کو جڑواں شہر قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کابینہ نے بخارا اور لاہور کو جڑواں شہر قرار دینے کے لئے معاہدے کی منظوری دیدی۔
اس کے علاوہ دیہات میں چوکیدار نظام کو مزید موثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور چوکیدار کی تنخواہ میں اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔
راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور پنجاب ایگری کلچر مارکیٹ ریگولیٹری اتھارٹی سے مل کر سبزی وپھل منڈیاں قائم کرے گی۔ پنجاب کابینہ نے روڈا اور ایگری کلچر مارکیٹ اتھارٹی کے درمیان معاہدے کی منظوری دے دی۔ پنجاب چیریٹی ایکٹ 2018 کے تحت کمیشن کے قیام کی منظوری دیدی گئی۔ پنجاب موٹروہیکلزرولز 1969میں ترمیم کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ پنجاب پروکیورمنٹ رولز2014میں ترامیم منظور کرلی گئی ہیں۔
سرکاری اراضی کے حوالے سے پالیسی تشکیل دینے اور ضروری ترمیم کے لئے خصوصی کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے عہدے کے لئے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (اپوائٹمنٹ اینڈ کنڈیشنز آف سروس)رولز2014میں ترمیم کی منظوری دی گئی ہے۔
پنجاب پولیس(ریکروٹمنٹ آن فیملی کلیم بیسس)رولز2016میں ترمیم منظور کرلی گئی ہے۔ اسٹنٹ ٹریفک کو بھی فیملی کلیم کا حق دینے کی منظوری دی گئی ہے۔