ایک نیوز: پی آئی اے کی اندرون و بیرون ملک پروازیں مسلسل تاخیر کا شکار ہیں جس کی وجہ سے مسافر خوار ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایندھن نہ ملنے سے 24گھنٹوں میں20پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں جس سے بیرون ملک سے آنیوالے 2ہزار سے زائد مسافروں کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔اندورن ملک پروازوں کی تاخیر پرایک ہزار سے زائد مسافرمتاثر ہوئے ہیں۔ عمرے کی ادائیگی کیلئے جانیوالے مسافر احرام میں کئی گھنٹے ایئرپورٹ پر پھنسے رہے۔گزشتہ رات سے سیالکوٹ سے جدہ اور ملتان سے جدہ کی پروازیں اڑان نہ بھر سکیں، جدہ اور مدینہ ائر پورٹ پر واپس وطن روانہ ہونے والے زائرین بھی پریشانی کا شکار رہے۔اس کے علاوہ لاہور سے مدینہ منورہ کی پرواز بھی آڑان نہ بھر سکی۔
ذرائع کا کہناہےکہ مالیاتی مسائل میں گھرے قومی ادارہ پی ایس او کو ادائیگیاں نہیں کرسکا۔ قومی ایئرلائن کا کیش فلو کی وجہ سے پی ایس او کو بروقت ادائیگیاں بھی نہیں ہوپارہی۔وزارت مذہبی امور کے پرنسپل سیکریٹری کا تبادلہ ہونے کے بعد کسی بھی افسر کو تعینات نہیں کیا جاسکا ،وزارت مذہبی امور کی جانب سے پی آئی اے کو 550ملین روپے کی ادائیگیاں نہیں کی گئیں۔ پرنسپل سیکریٹری کے نہ ہونے کی وجہ سے پی آئی اے کو ادائیگیوں میں تاخیر ہوئی ۔وزارت مذہبی امور نے حج آپریشن 2023ء ٹکٹوں کی مد میں ادائیگیاں کرنی تھیں۔
وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد کا کہنا ہےکہ پرنسپل سیکریٹری کی تعینات ہوتے ہی پی آئی اے کو فوری ادائیگیاں کردی جائے گی،
مسافروں نے پی آئی اے کو تیل کی فراہمی کے لئے حکومت سے مداخلت کا مطالبہ کیا۔ ،مسافروں کا کہنا ہےکہ پی آئی اے حکومت کی ملکیت ہے حکومت فوری کردار ادا کرے اور مسئلے کو حل کرائے۔